Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلائی ناس کی العلا اور قاہرہ کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز

 فلائی ناس ہفتے میں دو براہ راست پروازیں چلائے گی(فوٹو ٹوئٹر العلا رائل کمیشن)
سعودی عرب میں رائل کمیشن آف العلا اور فلائی ناس ایئر لائن نے جمعرات 6 اکتوبر کو العلا اور قاہرہ کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز کیا ہے۔
 قاہرہ سے پہلی برارہ راست پرواز کے خیر مقدم کے لیے فلائی ناس اور العلا رائل کمیشن کے نمائندے ایئرپورٹ پر موجود تھے۔
رائل کمیشن آف العلا کے مارکیٹنگ اور ڈیسٹینیشن ہیڈ فلپ جونز نے کہا کہ ’ آج ہم دو شہروں کے درمیان براہ راست فلائٹ لائن کے آغاز کی خوشی منا رہے ہیں جو ہر ایک کی ثقافتی اور تاریخی اہمیت کا حامل ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ ہم العلا میں سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کے لیے پائیدار نظام کی تعمیر جاری رکھیں گے جب کہ ثقافتی قدرتی ماحول کے درمیان وزیٹرز کو مزید تجربات فراہم کرنے کے لیے متعدد مقامی اور بین الاقوامی ایئر پورٹس پر پرواز کی گنجائش میں اضافہ کریں گے‘۔
 فلائی ناس ہفتے میں العلا اور قاہرہ کے لیے دو براہ راست پروازیں چلائے گی۔ العلا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے قاہرہ کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے سنیچر اور جمعرات کو پروازیں ہوں گی۔ یہ پروازیں العلا سے قاہرہ اور قاہرہ سے العلا کے لیے ہوں گی۔

 فلائی ناس اور العلا کمیشن کے نمائندے ایئرپورٹ پر موجود تھے(فوٹو ٹوئٹر العلا رائل کمیشن)

رائل کمیشن آف العلاکا مقصد بین الاقوامی اور مقامی مقامات کے ساتھ العلا کے روابط کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ اسے سعودی عرب کے شمال مغرب میں ایک عالمی لاجسٹک سٹیشن کے طور پر مضبوط بنانا ہے۔
العلا ایئرپورٹ کی سالانہ ایک لاکھ مسافروں کی گنجائش کو چار لاکھ مسافروں تک بڑھانے کا ہدف ہے۔
العلا سعودی عرب کے عظیم الشان تاریخی، جغرافیائی اور قدرتی مناظر سے مالا مال علاقہ ہے۔ یہاں دادانی، نبطیہ، رومانی اور قدیم اسلامی دور کےآثار پائے جاتے ہیں۔ 
یہاں 7 ہزار سال سے زیادہ پرانی انسانی تاریخ کے نمائندہ مقامات موجود ہیں۔ العلا ایک طرح سے انسانی تہذیب و تمدن کے کھلےعجائب گھر کی حیثیت رکھتا ہے اور یونیسکو کے عالمی ورثے میں شامل ہے۔
یہاں 110 سے زیادہ نبطی قبرستان ہیں جو پہاڑوں کی چٹانوں کو تراش کر بنائے گئے ہیں۔ ان کا تعلق پہلی صدی قبل مسیح سے ہے۔

شیئر: