Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل کی آرمی چیف سے ملاقات

شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم عیسٰی نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی عالم اسلام کی نمائندہ فورم ہے (فوٹو: سینیٹ سیکریٹریٹ)
رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم عیسٰی نے پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی ہے۔
منگل کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی، سکیورٹی کے حوالے سے باہمی تعاون اور علاقائی امن و استحکام جیسے معاملات پر گفتگو کی گئی۔
سیکرٹری جنرل نے نے کہا کہ ’پاکستان کا مسلم دنیا میں اہم مقام ہے اور یہ خطے کے امن و استحکام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔‘
چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تعلقات برادرانہ ہیں اور باہمی اعتماد پر قائم ہیں۔ دونوں ممالک امہ کی بہتری کے لیے مل کر امن اور استحکام قائم کرنے کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
اس سے قبل رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم عیسٰی نے وفد کے ہمراہ چیئرمین سینیٹ محمد صادق  سنجرانی سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی تھی۔ 
 ملاقات میں سینیٹرز مولانا عبدالغفور حیدری، حافظ عبد الکریم، دلاور خان، نسیمہ احسان، اعجاز چوہدری اور خالدہ اطیب بھی موجود تھے۔ چیئرمین سینیٹ نے سیکریٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی اور ان کے وفد کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کیا۔ 
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم عیسٰی نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی عالم اسلام کی نمائندہ فورم ہے اور پاکستان اور سعودی عرب کا رشتہ مستحکم، عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور جب بھی پاکستان کا دورہ کیا اپنائیت کا احساس ہوا۔ 
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کے ساتھ ساتھ پاکستانی علمائے کرام کے ساتھ بھی خصوصی تعلقات ہیں۔ پاکستان کی عالم اسلام کو قریب لانے کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور رابطہ عالم اسلامی کے فورم پر پاکستانی علماء کرام کو موثر نمائندگی دی گئی ہے اور ہمارا مقصد اُمت مسلمہ کے صحیح تشخص کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے۔
سیکریٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی نے کہا کہ اسلام کا پیغام پُرامن بقائے باہمی، محبت، امن اور بھائی چارہ اسلام کا پیغام ہے اور اسی پیغام کو ہم نے عام کرنا ہے۔ 
انہوں نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی علاقائی و عالمی رابطہ کاری کی کوششوں کو بھی سراہا اور پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ دونوں رہنماؤں میں ادارہ جاتی تعاون، رابطہ کاری اور معاونت پر اتفاق پایا گیا۔  
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ صدارتی سول ایوارڈ سے نوازے جانے پر آپ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور صدارتی ایوارڈ مسلم امہ کے لیے آپ کی خدمات، رابطہ عالم اسلامی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے امن اور رواداری کے پیغام کو پھیلانے کا اعتراف ہے۔ 

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے (فوٹو: سینیٹ سیکریٹریٹ)

انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاکستانی قوم اسلاموفوبیا کے خلاف تحریک کی قیادت کے لیے رابطہ عالم اسلامی کی طرف دیکھتی ہے اور ہم مغرب میں اسلام کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کرنے اور اسلام کے پرامن اور روادارانہ نظریہ کو غیر مسلم دنیا میں پھیلانے کے لیے رابطہ عالم اسلامی کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ 
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی مدبرانہ قیادت میں مملکت سعودی عرب کی ترقی انتہائی قابل تعریف ہے اور سعودی عرب کے وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کا سعودی عرب کے عوام کی بہتری کے لیے وژن خاص طور پر قابل قدر ہے۔ اسلامی دنیا کے مسائل کے حل کے لیے مملکت سعودی عرب، مسلم ورلڈ لیگ اور خاص طور پر سیکریٹری جنرل کا کردار انتہائی قابل تعریف ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ خادم الحرمین شریفین اور سعودی عرب کی قیادت کی خطے میں امن اور ترقی کے لیے کوششوں کے معترف ہیں اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو ہمارے مشترکہ مذہب، مشترکہ اقدار اور ثقافت میں مضبوطی سے جڑے ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک ہمیشہ ہر طرح کے مشکل حالات میں   ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ 

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن کو سہولیات فراہم کرنے پر سعودی حکومت کے شکرگزار ہیں  (فوٹو: سینیٹ سیکریٹریٹ)

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور پاکستان کے عوام اور حکومت مشکل وقت میں سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو سیلاب متاثرین کے لیے فراہم کی جانے والی مدد پر مشکور ہیں۔
حالیہ تباہ کن سیلاب نے پورے پاکستان میں لاکھوں افراد کو براہ راست متاثر کیا ہے اور 1700 سے زائد افراد جاں بحق اور معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔ 
انہوں نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن کو سہولیات فراہم کرنے پر سعودی حکومت کے شکرگزار ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے سیکرٹری جنرل کے پاکستان میں جاری دورے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

شیئر: