Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد کا قومی صنعتی حکمت عملی کا اعلان

سعودی عرب پٹروکیمیکل مصنوعات تیار کرنے والا چوتھا بڑا ملک ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل کو قومی صنعتی حکمت عملی  کا اعلان کیا ہے۔
اس کا مقصد سرمایہ کاروں کے لیے ایسی پرکشش صنعتی معیشت تک رسائی ہے جس سے اقتصادی تنوع کے حصول، قومی پیداوار اور تیل کے ماسوا برآمدات  میں اضافہ ہوسکے۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جو اقتصادی و ترقیاتی امور کونسل کے سربراہ بھی ہیں کہا کہ’ مملکت میں پائدار مسابقتی صنعتی معیشت تک رسائی کے لیے تمام امکانات موجود ہیں۔ آگے کی طرف دیکھنے والے باصلاحیت نوجوان ہیں۔ منفرد جغرافیائی محل وقوع ہے‘۔
’صنعت کی قومی حکمت عملی اور پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ شراکت کے ذریعے سعودی عرب بین الاقوامی رسد کو یقینی بنانے اور اعلی ٹیکنالوجی والی مصنوعات دنیا بھر کو فراہم کرنے والا صنعتی ملک بن جائے  گا۔‘ 
صنعتی شعبہ سعودی وژن 2030 کا ایک ہم ستون ہے۔ اعلی قیادت اس میں دلچسپی لے رہی ہے۔ اس کا ثبوت یہ ہے کہ مملکت نے قومی صنعت اور لاجسٹک خدمات کی تجدید کا پروگرام متعارف کرایا ہے۔ اس کی نگرانی کے لیے باقاعدہ وزارت قائم کی ہے۔ متعدد ادارے تشکیل دیے گئے ہیں۔ اس کا نتیجہ فیکٹریوں کی تعداد دگنی ہونے کی صورت میں برآمد ہوا ہے۔ 
مملکت میں 42 سال کے دوران 7206 فیکٹریاں قائم ہوئی تھیں۔ سعودی وژن 2030 کے بعد 2022 میں ان کی تعداد 10640 تک پہنچ گئی ہے۔ صنعت کی قومی حکمت عملی فیکٹریوں کی تعداد 2035 تک 36 ہزارتک پہنچانے کے لیے کام کرے گی۔
قومی صنعتی حکمت عملی مملکت میں صنعتی معیشت میں تنوع لانے کے لیے 12 ذیلی سیکٹر قائم کرے گی جبکہ ایک ٹریلین ریال کی مالیت سے 800 سے زیادہ نئے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ ان منصوبوں سے 2030 تک صنعتی قومی پیداوار 3 گنا تک بڑھ جائے  گی۔ صنعتی برآمدات کا حجم 557 ارب ریال تک  پہنچ جائے گا۔ 
 قومی حکمت عملی صنعتی شعبے میں 1.3 ٹریلین ریال تک کی اضافی سرمایہ کاری کے لیے بھی کام کرے گی۔ ترقی یافتہ تکنیکی مصنوعات کی برآمدات میں چھ گنا تک اضافہ کیا جائے گا۔ اس سے دسیوں ہزار افراد کو روزگارکے نئے مواقع ملیں گے۔ 
سعودی عرب میں صنعت کا شعبہ مستحکم بنیادوں اور گزشتہ پچاس برس کی کامیابیوں کی بنیاد پر قائم ہورہا ہے۔ صنعت کے شعبے نے مجموعی قومی پیداوار میں 340 ارب ریال سے زیادہ کا حصہ ڈالا ہے۔ 
مملکت میں قومی صنعتی کمپنیوں کا جال پھیلا ہوا ہے۔ جس کی بدولت سعودی صنعت علاقائی و عالمی ترقی یافتہ صنعتوں کی صف میں آگئی ہے۔ سعودی عرب عالمی سطح پر پٹروکیمیکل مصنوعات تیار کرنے والا چوتھا بڑا ملک ہے۔
 قومی صنعتی حکمت عملی کا اجرا چوتھے صنعتی انقلاب، مملکت کے اہداف سمیت عالمی رجحانات سے مطابقت رکھتی ہے۔ سعودی عرب جغرافیائی محل وقوع ، قدرتی وسائل کی فراوانی، توانائی کے سرچشموں، افرادی قوت، قوت خرید اور مستحکم مالیاتی پالیسیوں کے تناظر میں مسابقتی خصوصیات کا مالک ہے۔ 

شیئر: