Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف کے قریب ’وادی خماس‘ جہاں سیاح کھینچے چلے آتے ہیں

طائف کی یہ وادی دیگر مقاموں سے قطعی طورپر منفرد ہے (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں طائف گورنریٹ کے الشفا سینٹر کے قریب واقع ’وادی خماس‘ موسم گرما میں  اندرون و بیرونِ ممالک سے آنے والے سیاحوں کے لیے خصوصی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
 سرسبز وادی موسم گرما میں  معتدل اور خوشگوار موسم کی تلاش میں رہنے والوں کے لیے باعث کشش ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ نے وادی خماس کے بارے میں اہم معلومات فراہم کی ہیں جس میں اس دلفریب وادی کے نہ صرف قدرتی مناظر کو اجاگر کیا گیا ہے بلکہ انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں کےلیے پیش کی جانے والی خدمات کو بھی بیان کیا ہے۔
 

دیہی خوبصورتی نے اسے خاندانوں کے لیے پرکشش بنادیا ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)

وادی کے حسین نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے لیے اندرون مملکت بلکہ خلیجی ممالک سے آنے والے سیاح بھی یہاں بکثرت دیکھے جاسکتے ہیں۔ 
سیاحوں کا کہنا تھا کہ یہ پرکشش وادی اور یہاں فراہم کی جانے والی تفریحی سہولیات مثالی ہیں۔
کویت سے آنے والی ایک خاتون  سیاح روان الشمری کا کہنا تھا کہ ’ وادی خماس طائف کی دیگر وادیوں کے مقابلے میں منفرد ہے’۔
ایک اور خاتون نے ان الفاظ میں اپنے خیالات کا اظہار کیا ’دیہی خوبصورتی اور جدید سہولیات نے اس وادی کو خاندانوں کے لیے پرکشش مقام بنادیا ہے‘۔
 ٹورسٹ گائیڈ رداد الطلحی نے بتایا کہ وادی خماس ایک اہم موسمی سیاحتی مقام بن چکی ہے جو ہر سال ہزاروں مقامی و غیرملکی سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہے۔
یہ وادی ’وادی ذی غزال’، ’جبل دکا‘ اور ’الشفا نیشنل پارک‘ جیسے مقامات کے ساتھ مل کر اسے ایک مکمل سیاحتی مقام  بناتی ہے۔

یہ وادی ماضی میں الشفا کے کسانو کی گزر گاہ رہی ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)

الطلحی کے مطابق یہ وادی نہ صرف دلکش قدرتی مناظر سے بھرپور ہے بلکہ سیاحتی سرمایہ  کاری کے حوالے سے بھی یہاں بے پناہ مواقع ہیں۔
تاریخی حوالے سے یہ وادی قدیم دور میں الشفا کے کسانوں اور چرواہوں کی گزر گاہ رہی تھی۔ یہاں کی زرخیز زمین اور پانی روایتی زراعت کو نہایت موزوں بناتے ہیں۔

 

شیئر: