پاکستان کے نئے کرنسی نوٹوں کے حتمی ڈیزائن طے، پرنٹنگ کب شروع ہو گی؟
جمعرات 31 جولائی 2025 11:13
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
رواں برس کے آغاز میں سٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد نے اعلان کیا تھا کہ 2025 میں پاکستانی کرنسی کے نئے نوٹ مارکیٹ میں آ جائیں گے۔
اس حوالے سے ستمبر 2024 میں سٹیٹ بینک نے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کے لیے ایک آرٹ مقابلے کا انعقاد بھی کیا تھا جس میں مقامی آرٹسٹس نے اپنے نوٹوں کے ڈیزائن پیش کیے تھے۔
اس کے بعد سٹیٹ بینک کی جانب سے ایک پریس ریلیز جاری کی گئی تھی جس میں مقابلہ جیتنے والوں کے نام اور ان کے تخلیق کردہ نوٹوں کے ڈیزائن شامل تھے۔
تاہم اس وقت بھی سٹیٹ بینک نے وضاحت کی تھی کہ ذرائع ابلاغ اور بعض عوامی حلقوں کی جانب سے اس اعلان کو نئے بینک نوٹوں کے ڈیزائن کی شارٹ لسٹنگ سے تعبیر کیا گیا، حالانکہ مقابلے کا مقصد صرف آرٹسٹس کی کاوشوں کو سراہنا اور انعامات سے نوازنا تھا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق آرٹ مقابلے میں فاتح قرار دیے گئے ڈیزائن بینک نوٹوں کی نئی سیریز کے لیے شارٹ لسٹڈ ڈیزائن نہیں ہیں۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ’نئے کرنسی نوٹوں کی سیریز کے حتمی ڈیزائن معروف بین الاقوامی کمپنیوں کے ذریعے تیار کیے جا رہے ہیں۔ یہ کمپنیاں دسمبر 2024 تک اپنے ڈیزائنز پیش کریں گی، جنہیں سٹیٹ بینک بورڈ کی منظوری کے بعد جنوری 2025 میں وفاقی حکومت کو منظوری کے لیے بھیجا جائے گا۔ اس کے بعد ہی نوٹوں کی چھپائی کا عمل شروع کیا جائے گا۔‘
اس بات کو چھ ماہ سے زائد عرصہ بیت چکا ہے مگر شہریوں میں تاحال تجسس برقرار ہے کہ نئے کرنسی نوٹس کب متعارف ہوں گے۔
تاہم گزشتہ روز زری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کے اجلاس کے اختتامی مراحل میں گورنر سٹیٹ بینک سے دوبارہ نئے کرنسی نوٹوں کے حوالے سے سوال کیا گیا کہ وہ کب تک جاری ہوں گے۔
گورنر سٹیٹ بینک نے کہا ’نئے کرنسی نوٹوں پر ہم نے اپنا سارا کام مکمل کر لیا ہے، نوٹوں کے حتمی ڈیزائنز بھی طے ہو چکے ہیں۔ اس حوالے سے ہم نے معروف بین الاقوامی ایجنسی کے ڈیزائنر کی خدمات حاصل کیں اور اب تمام طے شدہ ڈیزائنز وفاقی حکومت کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیسے ہی حکومت ان نئے نوٹوں کی منظوری دیتی ہے ان کی پرنٹنگ شروع ہو جائے گی۔
واضح رہے پاکستان میں نئے کرنسی نوٹوں کے حوالے سے چہ مگویاں کافی عرصے سے جاری ہیں اور حال ہی میں نوٹوں کے مقابلے میں سامنے آنے والے ڈیزائن کو نئے کرنسی نوٹ کے طور پر سوشل میڈیا پر وائرل بھی کر دیا گیا تھا اور اس پر سٹیٹ بینک نے تردید بھی کی تھی یہ نیا کرنسی نوٹ نہیں۔
