Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب سیاحوں کا پسندیدہ مقام بننے جارہا ہے: وزیر سیاحت

وزارت سیاحت نے سال رواں کے دوران تاریخی ریکارڈ بنائے ہیں(فوٹو سبق)
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا ہے کہ’ 2030 تک سعودی عرب میں سیاحوں کی تعداد میں 300 فیصد تک اضافہ متوقع ہے‘۔
وہ منگل کو دارالحکومت ریاض میں فیوچر انویسٹمنٹ انشیٹو فورم میں اظہار خیال کررہے تھے۔
علاوہ ازیں العربیہ چینل کو انٹرویو میں احمد الخطیب نے کہا کہ ’جدہ، ریاض اور مشرقی ریجن میں سیاحتی پیکیج پیش کیے جارہے ہیں۔ ریاض سیزن اس کی ایک مثال ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ’ وزارت سیاحت نے سال رواں کے دوران تاریخی ریکارڈ بنائے ہیں۔ 65 ملین تک وزیٹرز سیاحتی سیزن میں پہنچے ہیں۔ کورونا وبا سے نمٹنے کے حوالے سے جی 20 میں مملکت کی پہلی پوزیشن ہے۔ 121 فیصد شرح نمو ریکارڈ کی گئی ہے‘۔
 احمد الخطیب نے کہا کہ’ 2019 کے مقابلے میں 2022 کے دوران سیاحتی شعبہ 60 فیصد تک معمول پر آچکا ہے۔ 200 ملین اسامیاں بحال ہوگئی ہیں۔ وبا کے دوران  60 ہزار افراد ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے‘۔ 
انہوں نے کہا کہ ’سیاحتی شعبہ اس بات کے لیے کوشاں ہے کہ مجموعی قومی پیداوار میں اس کا حصہ دس فیصد تک پہنچ جائے۔ سعودی عرب دنیا کا اہم ترین سیاحتی مرکز بن جائے‘۔  
وزیر سیاحت نے کہا کہ’ ابھی ہم آدھے راستے تک پہنچ پائے ہیں۔ کافی کامیابیاں حاصل کی ہیں جو مملکت کو پسندیدہ ترین سیاحتی مقامات میں سرفہرست لا رہی ہیں‘۔
’ ہمارے یہاں بحیرہ احمر، پہاڑ، منفرد ثقافت اور رنگا رنگ شہر ہیں۔ ریاض کو سیاحت کے حوالے سے سرفہرست بنانے کے لیے کوشاں ہیں‘۔ 

شیئر: