Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی بنکاک میں اپیک کے سربراہی اجلاس میں شرکت

شہزادہ محمد بن سلمان 21 ممبران پر مشتمل تنظیم کے سربراہی اجلاس میں سعودی وفد کی قیادت کر رہے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں ’ایشیا پیسیفک اکنامک کواپریشن‘ (اپیک) کے سربراہی اجلاس میں شریک ہیں۔
شہزادہ محمد بن سلمان 21 ممبران پر مشتمل تنظیم کے سربراہی اجلاس میں سعودی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔
سعودی ولی عہد تھائی وزیراعظم پریوت چان اوچا کی دعوت پر تھائی لینڈ کے سرکاری دورے پر ہیں۔ تھائی وزیراعظم نے رواں سال جنوری میں مملکت کا دورہ کیا تھا۔

اپیک کا قیام معاشی انضمام اور تعاون کے فروع کے لیے لایا گیا تھا (فوٹو: ایس پی اے)

شہزادہ محمد بن سلمان سے اپیک کے سربراہی اجلاس کی سائیڈ لائن پر سنگاپور کے وزیراعظم لی ہیسن لونگ، برونائی کے سلطان حاجی حسن بلقیہ اور فرانسیسی صدرایمانویل میکخواں نے ملاقات کی ہے۔
سعودی ولی عہد نے انڈونیشیا کے صدر جوکو ودودو اور فلپائن کے صدر فرڈیننڈ مارکوس سے بھی ملاقات کی۔
ایس پی اے کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان اور فرانس کے صدرایمانویل میکخواں نے دونوں ملکوں کے تعلقات، باہمی تعاون اور مختلف شعبوں میں انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے کے ایسے طریقوں کا جائزہ لیا جن سے دونوں ملکوں کے مشترکہ مفادات پورے ہوتے ہوں۔
علاوہ ازیں علاقائی و بین الاقوامی حالات اور مسائل کے  لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی ولی عہد نے انڈونیشیا کے صدر سے ملاقات میں سعودی انڈونیشی تعلقات اور مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون اور انہیں مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ 
 فلپائن کے صدر سے ملاقات میں دونوں دوست ملکوں کے باہمی تعلقات اور مشترکہ تعاون کے استحکام کی تدابیر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 
  برونائی کے فرمانروا سلطان حاجی حسن بلقیہ سے ملاقات میں سعودی عرب اور برونائی کے باہمی تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔ علاوہ ازیں باہمی تعاون کے نئے امکانات اور باہمی دلچسپی کے متعدد مسائل زیر بحث آئے۔ 
سعودی ولی عہد اور سنگاپور کے وزیراعظم کی ملاقات  کے دوران سعودی عرب کے سنگاپور کے ساتھ تعلقات اور مختلف شعبوں میں انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے کے طریقوں اور باہمی تعاون کی نئی جہتوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔ 
اپیک کا قیام معاشی انضمام اور تعاون کے فروع کے لیے عمل میں لایا گیا تھا۔ اپیک دنیا کی 38 فیصد آبادی، 62 فیصد مجموعی قومی پیداوار اور 48 فیصد تجارت کی نمائندگی کرتا ہے۔
تھائی لینڈ میں سعودی عرب کے سفیر عبدالرحمان بن عبدلعزیز نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ولی عہد کے دورہ بنکاک سے سعودی عرب اور تھائی لینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروع ملے گا۔
خیال رہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے جی20 سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد جنوبی کوریا کا دورہ کیا تھا۔

شیئر: