Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ماں اور بیٹی حادثے میں معجزاتی طور پر بچ گئیں، ڈرائیور گرفتار

ڈرائیور کو قانونی کارروائی کے لیے عدالت کے حوالے کیا گیا ہے۔ ( فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں مدینہ کے علاقے الحمرا میں ماں اور بیٹی حادثے میں معجزاتی طور پر بچ گئیں۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون اور اس کی بیٹی گاڑی کی طرف جا رہی ہیں۔ اسی دوران  ایک تیز رفتار کار یکے بعد دیگرے دو گاڑیوں سے ٹکرا گئی۔ جس سے ماں، بیٹی اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔ ماں، بیٹی کو معمولی زخم آئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر صارفین اس واقعے پرغم وغصے کا اظہار کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ راہ گیروں کی زندگی کو خطرات سے دوچار کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
یاد رہے کہ سعودی محکمہ ٹریفک ٹائر سکریچنگ پر پابندی عائد کیے ہوئے ہے۔ خلاف ورزی پر سخت سزائیں مقرر ہیں۔ ایک سے زیادہ بار خلاف ورزی پر مزید سخت سزا ہے۔ پہلی بار ٹائر سکریچنگ پر محکمہ ٹریفک 15 دن کے لیے گاڑی اپنی تحویل میں لیتا ہے اور20 ہزار ریال جرمانہ ہے۔ 
سعودی محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ’دوسری بار خلاف ورزی کرنے پر گاڑی ایک ماہ کے لیے ضبط کی جاتی ہے اور جرمانہ دگنا کرکے 40 ہزار ریال ہے جبکہ قید کی سزا بڑھانے کے حوالے سے کیس ٹریفک عدالت کو پیش کیا جاتا ہے۔‘
’تیسری بار خلاف ورزی پر گاڑی ضبط کر لی جاتی ہے اور جرمانہ 60 ہزار ریال  کیا جاتا ہے۔ گاڑی کی مکمل ضبطی یا گاڑی کی قیمت کے مساوی جرمانے اور قید کی سخت سزاؤں کے فیصلے کے لیے ٹریفک عدالت سے رجوع کیا جاتا ہے۔‘
علاوہ ازیں مدینہ منورہ ٹریفک پولیس نے تیز رفتار گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔ 
 محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ حادثے میں تین افراد معمولی زخمی ہوئے۔ ڈرائیور کو قانونی کارروائی کے لیے عدالت کے حوالے کیا گیا ہے۔

شیئر: