Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’شادی ہے فلم پٹھان ملتوی کریں‘، فین کی شاہ رخ سے درخواست

شاہ رخ خان اور دیپیکا پاڈوکون کی فلم ’پٹھان‘ 25 جنوری 2023 میں ریلیز ہوگی۔ (اے ایف پی)
بالی وڈ کے کنگ کہلانے والے شاہ رخ خان ایک بار پھر ٹوئٹر پر ٹرینڈ کر رہے ہیں جس کی وجہ ان کی اپنے پرستاروں سے دلچسپ بات چیت ہے۔
سنیچر کی رات کو شاہ رخ خان نے اپنے پرستاروں کو ایک ٹویٹ کے ذریعے آگاہ کیا کہ وہ ٹوئٹر پر ان کے سوالات کے جوابات دیں گے اور ان کی اس ٹویٹ کے بعد لوگوں نے ان پر سوالات کی بوچھاڑ کر دی۔
ایک صارف نے بالی وڈ کے کنگ سے کہا کہ ’سر میں 25 جنوری کو شادی کر رہا ہوں۔ کیا آپ اپنی فلم پٹھان 26 جنوری تک ملتوی کر سکتے ہیں؟‘
شاہ رخ خان نے اس درخواست کے جواب میں لکھا ’تم شادی 26 کو کرلو۔ یوم جمہور کی پریڈ ہے اور چھٹی بھی ہے اس دن۔‘
باتوں کے درمیان فٹ بال ورلڈ کپ کا موضوع بھی زیر گفتگو آیا جب ایک صارف نے شاہ رخ خان سے پوچھا کہ وہ فائنل میں ارجنٹائن کی حمایت کریں گے یا فرانس کی؟
شاہ رخ خان نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کا دل تو کہتا ہے کہ لیونل میسی کو سپورٹ کریں لیکن کیلن مباپے کو دیکھنے میں بھی مزہ آتا ہے۔
فلم ’پٹھان‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ جان ابراہم بھی منفی کردار میں نظر آئیں گے۔ شاہ رخ خان کا جان ابراہم کے بارے میں کہنا تھا کہ ’جان بہت خیال رکھنے والا ہے۔ ایکشن سینز کے دوران بھی وہ خیال رکھ رہا تھا کہ مجھے چوٹ نے لگ جائے۔‘
ایک صارف نے بالی وڈ کے خان کو کہا کہ ان کی فلم پٹھان کی ریلیز کے پہلے دن سینما میں پاپ کارن فری ہونی چاہییں۔
اس بات پر شاہ رخ خان نے لکھا ’گھر سے کھانا کھا کے جانا پاپ کارن کی ضرورت نہیں پڑے گی۔‘
شاہ رخ خان اور دیپیکا پاڈوکون کی فلم ’پٹھان‘ 25 جنوری 2023 میں ریلیز ہوگی۔ اس فلم میں پہلی مرتبہ شاہ رخ خان اور جان ابراہم بھی ساتھ نظر آئیں گے۔
یہ شاہ رخ خان اور دیپیکا پاڈوکون کی چوتھی فلم ہے جس میں دونوں نے اکٹھے کام کیا ہے۔
دیپیکا پاڈوکون نے 2007 میں اپنی پہلی ہی فلم اوم شانتی اوم میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کیا تھا۔ اس کے بعد وہ ہیپی نیو ایئر اور چنائے ایکسپریس میں بھی ایک ساتھ نظر آئے۔

شیئر: