Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’قابل اعتراض لباس‘، بی جے پی کی ’پٹھان‘ کی نمائش روکنے کی دھمکی

شاہ رخ خان اور دیپیکا پاڈکون کی فلم ’پٹھان‘ 25 جنوری 2023 میں ریلیز ہوگی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک رکن نے ریاست مدھیہ پردیش میں شاہ رخ خان اور دیپیکا پاڈوکون کی فلم ’پٹھان‘ پر پابندی عائد کرنے کی دھمکی دی ہے۔
مدھیہ پردیش کے ریاستی وزیر ڈاکٹر نروتم  مشرا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام لگایا کہ فلم ’پٹھان‘ کے ریلیز ہونے والے نئے گانے ’بے شرم رنگ‘ میں دیپیکا پاڈوکون نے جو لباس پہنا ہوا ہے وہ ’قابل اعتراض‘ ہے۔
اسی حوالے سے بی جے پی کے ریاستی وزیر ڈاکٹر نروتم مشرا کا اپنے اکاؤنٹ سے ٹویٹ کی گئی ایک ویڈیو میں کہنا تھا کہ ’گانے میں پہنا گیا لباس بہت قابل اعتراض ہے اور صاف نظر آرہا ہے کہ یہ گانے گندی ذہنیت کے ساتھ فلمایا گیا ہے۔‘
مدھیہ پردیش کے وزیر نے دیپیکا پاڈکون پر ’ٹکرے ٹکڑے گینگ‘ کا رکن ہونے کا الزام بھی لگایا۔ خیال رہے دیپیکا پاڈکون ماضی میں نئی دہلی کی جواہر لعل نہرو یونیورسٹی میں احتجاج کرنے والے طلبہ و طالبات کی حمایت کرتی رہی ہیں اور اسی لیے انہیں بی جے پی اور دیگر دائیں بازو کی جماعتوں کی جانب سے ’ٹکڑے ٹکڑے گینگ‘ کا رکن کہا جاتا ہے۔
بی جے پی کے وزیر ڈاکٹر نروتم مشرا نے ’پٹھان‘ فلم پر مدھیہ پردیش میں پابندی لگانے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ’گانے میں دکھائے گئے مناظر اور لباس کو درست کیا جائے ورنہ ہم یہ سوچنے پر مجبور ہوں گے کہ فلم کو مدھیہ پردیش میں نمائش کی اجازت دی جائے یا نہیں۔‘
شاہ رخ خان اور دیپیکا پاڈکون کی فلم ’پٹھان‘ 25 جنوری 2023 میں ریلیز ہوگی۔ اس فلم میں پہلی مرتبہ شاہ رخ خان اور جان ابراہم بھی ساتھ نظر آئیں گے۔
یہ شاہ رخ خان اور دیپیکا پاڈوکون کی چوتھی فلم ہے جس میں دونوں نے اکٹھے کام کیا ہے۔
دیپیکا پاڈوکون نے 2007 میں اپنی پہلی ہی فلم اوم شانتی اوم میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کیا تھا۔ اس کے بعد وہ ہیپی نیو ایئر اور چنائے ایکسپریس میں بھی ایک ساتھ نظر آئے۔

شیئر: