Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایجکس لاجسٹک سروسز اور دمام ایئر پورٹس کمپنی میں شراکت داری کا نیا معاہدہ

 ایجکس بین الاقوامی ایکسپریس سروس ہے جسے آئی ایکس ایس کہا جاتا ہے (فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں ایجکس لاجسٹک سروسز نے دمام ایئر پورٹس کمپنی کے ساتھ شراکت داری کا ایک نیا معاہدہ کیا ہے تاکہ اسے کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے کام کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔
ایک پریس ریلیز کے مطابق اس معاہدے پر دمام ایئر پورٹ کمپنی کے سی ای او محمد بن علی الحسنی اور ایجکس کے سی ای او محمد البیاتی نے دستخط کیے۔
پریس ریلیز میں مزید کہا گیا  کہ دمام ایئر پورٹس کمپنی 2023 میں اپنی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے بھی کام کر رہی ہے خاص طور پراس حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ کنگ فہد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی علاقائی اہمیت سعودی عرب کے ویژن 2030 میں بیان کردہ اہداف کے مطابق بڑھ رہی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق دمام ایئر پورٹ کمپنی کے سی ای او محمد بن علی الحسنی نے کہا ہے کہ ’ہم دمام ایئرپورٹس کمپنی میں کنگ فہد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر اپنی ایکسپریس کارگو سہولتوں کی صلاحیت کو بڑھانے کے خواہشمند ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ ایجکس لاجسٹک سروسز کے ساتھ یہ نئی شراکت داری ہمارے سٹریٹجک مقاصد کی سپورٹ کرتی ہے جو کہ ٹرانسپورٹیشن اور لاجسٹکس سروسز کے لیے مملکت کے وژن 2030 کی حکمت عملی سے ہم آہنگ ہیں‘۔
ایجکس کے سی ای او محمد البیاتی نے کہا کہ ’ شراکت داری کے معاہدے سے سعودی عرب کو علاقائی اور عالمی سطح پر ایک عالمی لاجسٹک مرکز کے طور پر ابھرنے میں مدد ملے گی‘۔
انہوں نے کہا کہ ’کویت، بحرین اور قطر سے سڑک کے ذریعے صرف چند گھنٹوں کے فاصلے پر واقع، دمام اپنے سٹریٹجک مقام کے ساتھ جی سی سی ریجن کے لیے ایک اہم لاجسٹک مرکز ہے جو ہمیں ایجکس میں اپنے صارفین کے لیے اپنی صلاحیت اور سروس کے اوقات کو بڑھانے کے قابل بنائے گا‘۔

سعودی عرب سپلائی چین اور لاجسٹک خدمات کے فروغ کے لیے کام کر رہا ہے(فوٹو ٹوئٹر) 

ایجکس کے سی ای او نے مزید کہا کہ ’ ہم وژن 2030 کے مقصد کی بھرپور سپورٹ کر رہے ہیں تاکہ مملکت سعودی عرب کو خطے میں پسندیدہ لاجسٹک مرکز اور عالمی سطح پر ایک معروف لاجسٹک مرکز میں تبدیل کیا جا سکے‘۔
ایجکس نے دسمبر میں چین اور مشرق وسطیٰ میں اپنی توسیع کی حکمت عملی کے ایک حصے کے طور پر دو نئی سروسز شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
یہ سروسز ایجکس بین الاقوامی ای کامرس ایکسپریس جسے آئی سی ایکس کے نام سے جانا جاتا ہے اور ایجکس بین الاقوامی ایکسپریس سروس جسے آئی ایکس ایس کہا جاتا ہے۔ دونوں چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین میں کاروباری اداروں کو ایکسپریس کراس بارڈر ڈیلیوری خدمات کا پورٹ فولیو فراہم کریں گے۔
سعودی عرب لاجسٹک کو ایک اہم شعبے کے طور پر سمجھتا ہے کیونکہ مملکت مسلسل اپنی معیشت کو متنوع بنا رہی ہے جو کئی دہائیوں سے تیل پر منحصر ہے۔
اکتوبر میں، ریاض میں سپلائی چین اور لاجسٹک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیر ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک صالح الجاسر نے کہا تھا کہ سعودی عرب سپلائی چین اور لاجسٹک خدمات کو تقویت دینے کے لیے 59 لاجسٹک زونز کے افتتاح کے لیے کام کر رہا ہے۔  

شیئر: