Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی معاشرے میں خلع کے بڑھتے ہوئے واقعات، اسباب کیا ہیں؟

خلع کے بڑھتے ہوئے واقعات کا۔ بڑا سبب معاشرے کا بدلتا ہوا مزاج ہے( فوٹو فری پکس)
سعودی خاتون وکیل ھیفا الخطیب نے معاشرے میں خلع کے بڑھتے ہوئے واقعات کے متعدد اسباب بیان کیے ہیں۔
الاخباریہ چینل کے معروف پروگرام ’الراصد‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے ھیفا الخطیب نے کہا کہ’ سعودی عرب میں خلع کے بڑھتے ہوئے واقعات کے کئی سبب ہیں۔ بڑا سبب معاشرے کا بدلتا ہوا مزاج ہے‘۔ 
ھیفا الخطیب نے کہاکہ’ ایک سبب یہ بھی ہے کہ خواتین خودکفیل ہو رہی ہیں اور ان کی مالیاتی پوزیشن مضبوط ہورہی ہے‘۔
تیسرا بڑا سبب یہ ہے کہ’ بعض خواتین سوشل میڈیا پر اپنی زندگی کے واقعات کا تذکرہ کرکے فخر محسوس کرنے لگی ہیں۔ وہ اپنی زندگی کا تقابل دوسری خواتین سے کرکے خود کو برتر ظاہر کرنے کی کوشش کرتی ہیں‘۔ 
ھیفا الخطیب کا کہنا تھا کہ ’ماضی میں خواتین اپنے ساتھ ہونے والی بدسلوکی یا شوہر کی جانب سے جسمانی یا ذہنی یا زبانی تشدد پر صبر سے کام لیتی تھیں۔ وہ ایسا کرنے پر مجبور تھیں لیکن اب وہ اپنے شوہر کے رویے کے علاوہ جسمانی و زبانی تشدد کو برداشت نہیں کررہی ہیں جب بھی ان کے ساتھ ایسا کچھ ہوتا ہے تو وہ پہلی فرصت میں خلع کا مطالبہ کردیتی ہیں‘۔ 
سعودی خاتون وکیل نے مزید کہا کہ’ سوشل میڈیا کے بھی معاشرے پر اثرات پڑے ہیں۔ اب خواتین معروف شخصیات کو فالو کرنے لگی ہیں۔ ایسی خواتین کو اپنی مثال بنانے لگی ہیں جو سوشل میڈیا پر صرف اپنی زندگی کے خوشگوار پہلوؤں کو اجاگر کرنے پر اکتفا کرتی ہیں‘۔

شیئر: