سعودی عرب کی کویت کے جزیرے میں ایرانی دراندازی کی مذمت
اسے اقوام متحدہ کے چارٹر اور کویت کی خود محتاری کی خلاف ورزی قرار دیا۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے کویت کے بوبیان جزیرے میں ایران کے پاسداران انقلاب سے وابستہ ایک مسلح گروہ کی جانب سے دشمنانہ کارروائیوں کےلیے دراندازی کی شدید مذمت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے ایک بیان مملکت کی جانب سے ان حملوں کو مسترد کیا۔ انہیں بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے منافی اور کویت کی خود محتاری کی خلاف ورزی قرار دیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ’یہ خلاف ورزیاں خطے میں سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے حوالے سے بین الاقوامی کوششوں کو نقصان پہنچاتی ہیں۔‘
وزارت نے کویت، اس کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ کویت کی خود مختاری، سلامتی، استحکام اور اس کے عوام کے تحفظ کےلیے تمام اقدامات کی مکمل سپورٹ کا اعادہ کیا۔
یاد رہے کویت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کونا نے منگل کو وزارتِ داخلہ کے حوالے سے بتایا تھا کہ ’ایران کے پاسدارانِ انقلاب سے وابستہ چار افراد کو گرفتارکیا گیا ہے، جنہوں نے سمندر کے راستے خلیجی ریاست میں دراندازی کی کوشش کی تھی۔‘
بیان میں کہا گیا تھا کہ’ دراندازوں کے ساتھ جھڑپ میں کویت کی مسلح افواج کا ایک اہلکار زخمی ہوا ہے۔‘
کویت نے ایران سفیر کو طلب کرکے بوبیان جزیرے میں مبینہ دراندازی پر احتجاجی مراسلہ حوالے کیا۔
کویت نے واقعے کی مذمت کی اور کہا کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنی خود مختاری کے دفاع کا حق رکھتا ہے۔
بوبیان جزیرہ کویت کے ساتحلی جزیروں میں سب سے بڑا جزیرہ ہے جو خلیج کے شمال مغرب میں واقع ہے۔
