Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عسیر کو عالمی سیاحتی مقام بنانے کے لیے نیا روڈ پروجیکٹ

حکمت عملی کے ایک حصے کے طور پر سڑک کے رابطے کو بہتر بنایا جا رہا ہے ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے پہاڑی علاقے عسیر کو ایک عالمی سیاحتی مقام میں تبدیل کرنے کے لیے مقامی اتھارٹی نیا روڈ پروجیکٹ شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے جو اس خطے کے دارالحکومت گریٹر ابہا میں اور اس کے آس پاس کے انفراسٹرکچر کو بلند کرے گا۔
عرب نیوز کے مطابق مملکت وژن 2030 میں بیان کردہ اہداف کے مطابق سیاحت اور لاجسٹکس کا مرکز بننے کی اپنی حکمت عملی کے ایک حصے کے طور پر سڑک کے رابطے کو بہتر بنا رہی ہے۔
عسیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور سعودی عرب کی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے تعاون سے شروع کیے جانے والے نئے منصوبے سے توقع ہے کہ یہ گریٹر ابہا کو ابہا، خمیس مشیط اور احد رفیدہ سے جوڑے گا۔
نئے روڈ پراجیکٹ کا اعلان ایسڈا کے چیئرمین شہزادہ ترکی بن طلال کی زیر صدارت اتھارٹی کے ہیڈ کوارٹر میں ہونے والے اجلاس کے دوران کیا گیا۔
321 کلومیٹر پر محیط اس منصوبے کا آغاز 2024 میں متوقع ہے۔ منصوبے میں 13 روٹس، 196 سٹاپ، 55 بسیں، 150 بس ڈرائیور اور 18 آپریشنل اوقات ہوں گے۔
ایک ورکنگ گروپ پہلے ہی تشکیل دیا گیا ہے جس میں ایسڈا، پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور علاقے کی میونسپلٹی کے ارکان شامل ہیں۔
ورکنگ گروپ سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ شاہراہ کے راستوں کا دورہ کر کے اس بات کو یقینی بنائے کہ نیٹ ورک کی خصوصیات گریٹر ابہا شہر کی سڑکوں کے ساتھ مطابقت رکھتی ہیں۔
عسیر ریجن کی میونسپلٹی اس منصوبے کو چلائے گی۔ آپریشنز ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ایسڈا کے ضوابط اور نگرانی کے مطابق کیے جائیں گے۔
چونکہ سعودی عرب ایک عالمی سیاحتی مرکز کے طور پر ابھرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ عسیر ریجن سے بھی ان کوششوں میں اہم کردار ادا کرنے کی امید ہے۔

عسیر کے لیے 13 بلین ڈالر کی سیاحتی حکمت عملی کا آغاز کیا گیا ہے( فائل فوٹو: ایس پی اے)

عسیر کا تاریخی خطہ جو بحیرہ احمر کے متوازی چلتا ہے، کا مقصد ترقی اور تحفظ کے درمیان توازن قائم کرتے ہوئے مملکت اور بیرون ملک ایک عالمی معیار کا سیاحتی مقام بننا ہے۔
سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے 2021 میں عسیر کے لیے 13 بلین ڈالر کی سیاحتی حکمت عملی کا آغاز کیا جس کا مقصد 2030 تک مملکت کے اندر اور باہر سے 10 ملین سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنا ہے۔
حکام کو توقع ہے کہ نئے منصوبے سے خطے میں رابطے میں خاطر خواہ بہتری آئے گی۔ اس طرح مزید سیاح خطے میں معتدل آب و ہوا سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ اس سے وزیٹرز کو مختلف سیاحتی مقامات جیسے عسیر نیشنل پارک اور ابہا ڈیم کی سیر کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
دوسری جانب ریاض سٹی کے رائل کمیشن کے سی ای او فہد الرشید نے اعلان کیا ہے کہ ریاض میں کنگ عبدالعزیز پبلک ٹرانسپورٹ پروجیکٹ کا آپریشن مارچ 2023 میں شروع ہو گا۔
سعودی عرب کے دارالحکومت میں اس منصوبے میں چھ میٹرو لائنیں، 84 میٹرو سٹیشنز، 80 بس روٹس، دو ہزار 860 بس سٹاپ اور 842 بسیں شامل ہیں۔

شیئر: