Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

السعودیہ کے ٹکٹ کے ساتھ مملکت کا 96 گھنٹے کا سیاحتی ویزا

ویزے پر عمرہ کیا جا سکتا ہے کسی بھی شہر آیا جایا جا سکتا ہے ( فائل فوٹو: عکاظ)
سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) کے ترجمان عبداللہ الشھرانی نے کہا ہے کہ ’سیاحت اور عمرے کی غرض سے سعودی عرب آنے والوں کے لیے ویزے کی سہولت جلد فراہم کی جائے گی۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’مملکت آنے کے لیے ٹکٹ خریدتے وقت 96 گھنٹے کا ویزا جاری کرایا جا سکے گا۔‘ 
عکاظ اخبار کے مطابق ترجمان نے کہا کہ ’سعودی وژن 2030 کے تحت  السعودیہ کی پروازوں کے مسافروں کو ٹکٹ خریدتے وقت سیاحتی ویزا جاری کرانے کی سہولت دی جائے گی۔‘
’اس حوالے سے ڈیجیٹل سسٹم کو جلد موثر کیا جائے گا۔ سعودی وژن کے مطابق مملکت زیادہ سے زیادہ تعداد میں سیاحوں کو اپنے ہاں آنے کا موقع فراہم کر رہی ہے۔‘ 
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’سیاحتی ویزے کا دورانیہ چار دن کا ہو گا اس پر عمرہ کر سکتے ہیں۔ تقریبات اور پروگراموں میں شرکت کی جا سکتی ہے۔ سعودی عرب کے کسی بھی شہر آ جا سکتے ہیں۔‘
’السعودیہ نے اس سلسلے میں متعدد سرکاری اداروں مثلاً وزارت خارجہ، وزارت داخلہ، وزارت حج و عمرہ اور ضیوف الرحمان پروگرام سے تعاون حاصل کیا ہے۔‘
عبداللہ الشھرانی نے کہا کہ ’رواں سال کے دوران بین الاقوامی پروازوں میں 40 فیصد اضافہ کیا جائے گا جبکہ داخلی پروازوں کے لیے پانچ لاکھ مزید نشستیں بڑھائی جائیں گی۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’2023 کے دوران السعودیہ کے  فضائی بیڑے میں 10 نئے طیاروں کا اضافہ ہو گا۔ سات ایئر بسز321 نیو اور 3 بوئنگ شامل کیے جائیں گے۔‘ 

شیئر: