Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی کے کارکن اظہر مشوانی کی گمشدگی کی ایف آئی آر درج

اظہر مشوانی تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم کے سربراہ ہیں (فوٹو: پی ٹی آئی، ٹوئٹر)
پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی سوشل میڈیا ٹیم کے سربراہ اظہر مشوانی کی گمشدگی کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔
سنیچر کو لاہور کے تھانہ گرین ٹاؤن میں اظہر مشوانی کے بھائی کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
بعدازاں تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے اپنے ٹوئٹر اکاؤںٹ سے ایف آئی آر کی کاپی شیئر کی۔
ایف آئی آر میں اظہر مشوانی کے بھائی مظہر الحسن نے موقف اختیار کیا کہ ’جمعرات کو دن پونے تین بجے اظہر قاضی کریم ٹیکسی پر اپنے گھر ٹاؤن شپ سے  زمان پارک کے لیے نکلا اور پھر تھوڑی دیر بعد اس کا نمبر بند ہو گیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس کے بعد کوشش کے باوجود اظہر قاضی کا کوئی پتا نہ چل سکا۔ سائل کو قومی شبہ ہے کہ اظہر قاضی کو نامعلوم اشخاص نے جانی نقصان کی خاطر اغوا کر لیا ہے۔‘
سوشل میڈیا پر انتہائی متحرک اظہر مشوانی کا نمبر جمعے کو مختلف واٹس ایپ گروپس سے اچانک نکلنا شروع ہو گیا اور بعد میں ان کا واٹس ایپ نمبر بھی ڈی ایکٹیویٹ ہو گیا تھا۔
ان کی اہلیہ نے چیف جسٹس آف پاکستان کو ایک خط لکھا تھا جس میں ازخود نوٹس لینے کی اپیل کی گئی تھی۔

شیئر: