Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان: کوئلہ کان میں کام کرنے والے 11 مزدور اغوا کے بعد قتل

اس علاقے میں کالعدم بلوچ مسلح تنظیمیں سرگرم ہیں تاہم کسی نے واقعہ کی ذمہ دار قبول نہیں کی: فوٹو کوہلو پولیس
صوبہ بلوچستان کے ضلع کوہلو میں نامعلوم مسلح افراد نے کوئلہ کان میں کام کرنے والے 11 مزدوروں کو اغوا کرنے کے بعد قتل کر دیا ہے۔ 
ایس پی کوہلو طیب اقبال نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اردو نیوز کو بتایا کہ ضلع کوہلو کی تحصیل جندران کے علاقے ہوسڑی میں 11 مزدوروں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
ان کے مطابق تمام افراد ضلع دکی کے علاقے چمالنگ کی کوئلہ کانوں میں مزدوری کرتے تھے اور دو پک اپ گاڑیوں میں سفر کر رہے تھے۔
پولیس کے مطابق اتوار کو جب مزدور چمالانگ سے دکی جارہے تھے کوہلو شہر سے تقریبا 50 کلومیٹر دور ہوسڑی کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے دونوں پک اپ گاڑیوں کو روک لیا اور مزدوروں کو گاڑیوں سے اتار کر اپنے ساتھ لے گئے۔
مسلح افراد نے دونوں گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو چھوڑ دیا جبکہ مزدوروں کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے چار افراد کی شناخت مقامی باشندوں کے طور پر ہوئی ہے۔ ان میں خالد ، گل محمد، حسین محمد اور  نیاز محمد شامل ہیں۔
دیگر سات افراد کی شناخت فیروز، عبدالصمد، جار اللہ، عبد الناصر، عبد الکبیر، عبدالرحمان اور خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ایک مقامی پولیس افسر کے مطابق ان سات افراد کے افغان شہری ہونے کا شبہ ہے تاہم ان کی شہریت کی حتمی تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔
پولیس کے مطابق  لاشوں کو ابتدائی طور پر بنیادی مرکز صحت ہوسڑی منتقل کیا گیا تھا جہاں سے انہیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کوہلو منتقل کیا گیا۔
اس علاقے میں کالعدم بلوچ مسلح تنظیمیں سرگرم ہیں تاہم کسی تنظیم نے اب تک واقعہ کی ذمہ دار قبول نہیں کی۔

بلوچستان میں گذشتہ کچھ عرصے سے شدت پسندی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے: فائل فوٹو اے ایف پی

معاون برائے داخلہ حکومت بلوچستان بابر یوسفزئی نے اس واقعے کا الزام کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) پر عائد کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ’چمالنگ میں 11 بے گناہ مزدوروں کا قتل انسانیت کے خلاف ایک سنگین جرم ہے۔ ان کے بقول بی ایل اے کے مسلح افراد نے محنت مزدوری کرکے اپنے خاندانوں کا پیٹ پالنے والے غریب مقامی مزدوروں کو نشانہ بنایا۔‘
بابر یوسفزئی نے کہا کہ بلوچستان کے محنت کش عوام کو نشانہ بنانا امن اور ترقی کے دشمن عناصر کی کارروائی ہے۔ ان کے مطابق کالعدم تنظیم بلوچستان میں ترقی، خوشحالی اور روزگار کے مواقع سے خائف ہے۔
انہوں نے کہا کہ معصوم مزدوروں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔ صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور عوام کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب دو روز قبل بلوچستان کے ضلع نوشکی سے بھی 11 مزدوروں کو اغوا کیا گیا تھا جو تاحال لاپتہ ہیں۔

شیئر: