خطے میں امن کے لیے مخلصانہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں: شہباز شریف
اتوار 29 نومبر 2026 19:48
امریکہ اور خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر بنایا ہے۔( فوٹو: پرائم منسٹر افس)
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا ’ایران، امریکہ جنگ نے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا تھا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی انتھک کوششوں کے نتیجے میں ایران اور امریکہ کو 47 سال بعد اسلام آباد میں ایک میز پر بٹھایا جو یقیناً کوئی معمولی کامیابی نہیں تھی۔‘
’اس کے نتیجے میں رواں سال جون میں اسلام آباد میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ ہم ایک بار پھر امن کے قیام کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔‘
پرائم منسٹر افس سے جاری بیان کے مطابق نیشنل سکیورٹی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نے کہا ’ایران ہمارا ہمسایہ اور برادر ملک ہے، ہم نے امریکہ اور خلیجی ممالک کے ساتھ بھی اپنے تعلقات کو مزید بہتر بنایا ہے۔‘
’سعودی عرب کے ساتھ ہمارے انتہائی خوشگوار تعلقات ہیں۔ گزشتہ سال سعودی دارالحکومت ریاض میں سٹریٹیجک دفاعی معاہدے پر دستخط کئے جبکہ رواں سال ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سہ فریقی دفاعی معاہدہ بھی طے پایا۔‘
ان کا کہنا تھا ’سعودی عرب کے ساتھ ہمارے تاریخی تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں۔ اس معاہدے نے ہماری سٹریٹیجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا ہے۔ ترکیہ کی شمولیت کے ساتھ یہ شراکت داری نہ صرف خطے میں ہماری سلامتی کے مفادات بلکہ ہماری ترقی اور خوشحالی کو بھی یقینی بنانے میں معاون ہوگی۔‘

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا’ یہ اقدام کسی ملک کے خلاف نہیں اور نہ ہی اس کے کوئی جارحانہ عزائم ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا ’پاکستان کی معیشت اب درست سمت گامزن ہے۔ زراعت، لائیو سٹاک، معدنیات پر توجہ مرکوز کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ہم خطیر زرمبادلہ حاصل کر سکتے ہیں جبکہ قرضوں سے نجات کےل یے سخت فیصلے کرنا ہوں گے۔‘
’اگر پوری قوم، تمام سیاسی جماعتیں اور معاشرے کے تمام طبقات مل کر یہ فیصلہ کر لیں تو ضمانت دیتا ہوں کہ آئندہ چند سالوں میں ہم پاکستان کو قرضوں کے اس بھاری بوجھ سے نجات دلانے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔‘

ان کے مطابق ’ہم نے اپنی معیشت کی کشتی کو مشکلات اور ہچکولوں سے نکال لیا ہے، ہم نے انتہائی مشکل اور تکلیف دہ اصلاحات متعارف کرائیں جن کا سب سے زیادہ بوجھ عام آدمی نے برداشت کیا۔ آج ہم معاشی استحکام کے حوالہ سے ایک مستحکم ملک بن چکے ہیں۔‘
ملکی معیشت کی بہتری کےلیے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا ’گزشتہ اڑھائی سال کے دوران ہم نے مختلف ڈھانچہ جاتی اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔ ہماری ٹیم نے عسکری قیادت کی حمایت کے ساتھ ساتھ ایف بی آر کو بڑی حد تک بدعنوان عناصر سے پاک کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے، یہ ایک ایسی شراکت داری ہے جو ماضی میں نہیں نظر آئی۔‘
’رواں سال ستمبر میں نیویارک میں آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے اعتراف کیا کہ ہم نے پاکستان کو بدل کر رکھ دیا ہے۔ یہ پوری قوم کے لیے فخر کا لمحہ تھا۔ یہ سب مقصد سے مخلصانہ وابستگی، سخت محنت اور مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے کیونکہ جہاں ارادہ ہو وہاں راستہ نکل آتا ہے۔‘
شہباز شریف کا کہنا تھا ’رواں سال جی ڈی پی کی شرح نمو 3.5 فیصد متوقع ہے، اسے ہمیں جلد از جلد اسے کم سے کم 6 فیصد تک لے کر جانا ہے۔ اس وقت زرمبادلہ کے ذخائر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں۔‘
