Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ: ایران کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے معاہدے پر پیش رفت کا جائزہ

اجلاس میں متعدد ممالک کے ساتھ  مذاکرات کی رپورٹ پیش کی گئی ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ کے اجلاس میں ایران کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے معاہدے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ہے۔ سیاحت، توانائی سمیت مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے کہا کہ ’ایران، سعودی سفارتی تعلقات کی بحالی اور دوطرفہ معاہدے پر عمل درآمد کے لیے ضروری اقدامات مکمل اہتمام کے ساتھ  کیے جائیں‘۔
اجلاس میں کہا گیا کہ ’بیجنگ میں سعودی، ایرانی مذاکرات اور معاہدے سے دوطرفہ اعتماد بڑھے گا۔ تعاون کا دائرہ وسیع ہوگا اور خطے میں امن و استحکام و خوشحالی لانے میں معاون بنے گا‘۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی کابینہ کا اجلاس منگل کو جدہ کے قصر السلام میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ہوا ہے۔
اجلاس کے آغاز میں متعدد ممالک کے ساتھ  سعودی عرب کے مذاکرات کی رپورٹ پیش کی گئی۔
وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے ایس پی اے کو بتایا کہ ’ کابینہ نے حرمین شریفین کے زائرین کے لیے انتظامات اوررمضان کے دوران انہیں فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں‘۔
اجلاس میں اس بات کا اطمینان کیا گیا کہ’ زائرین کو عبادت اور عمرہ و زیارت کی ادائیگی میں تسلی بخش سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں‘۔
کابینہ نے سمارٹ سٹیز، شہری ہوابازی میں امن و سلامتی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں بین الاقوامی اداروں کی جانب سے سعودی عرب کی امتیازی حیثیت کے اعتراف پر اطمینان کا اظہار کیا۔ 
کابینہ نے قومی عطیات مہم کے حوالے سے فلاحی کاموں کی سرپرستی، عطیات کی حوصلہ افزائی، سماجی فرائض کے فروغ اور معاشرے کے تمام افراد کے درمیان تعاون پر زور دیا۔
کابینہ کے ارکان نے حساب المواطن (سٹیزن اکاؤنٹ) پروگرام میں توسیع اور فیض یافتگان کے لیے چار ماہ کی اضافی اعانت کی ہدایت کو سراہا۔
اجلاس میں وزیر توانائی کو ترکی کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر مذاکرات اور دستخط کا اختیار تفویض کیا۔ ماحول دوست ہائیڈروجن کے شعبے میں چین کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی گئی۔ 
کاشتکاری کے شعبے میں چین کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کااختیار وزیر ماحولیات و پانی و زراعت کو تفویض کیا گیا۔ ٹیکس مینجمنٹ کے شعبے میں چین کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
کابینہ نے کرغیزستان کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت، کوسٹا ریکا کے ساتھ سیاحتی شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت، تھائی لینڈ کے ساتھ براہ راست سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے تعاون کی مفاہمت کی یادداشت کی منظوری بھی دی۔
 وزیر مواصلات اور لاجسٹک خدمات کو فضائی نقل و حمل کے شعبے میں کانگو کے ساتھ معاہدے پر دستخط کااختیار تفویض کیا گیا ہے۔

شیئر: