Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہماری حکومت مزدوروں کو ان کے حقوق دینے کے لیے کام کر رہی ہے: سعودی سفیر

پاکستان میں سعودی عرب کے سفارت خانے نے اسلام آباد میں یوم مزدور کے سلسلے میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا۔
تقریب میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور پاکستان کے وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز نے شرکت کی۔ 
بدھ کے روز ہونے والی اس تقریب میں دونوں ممالک کے درمیان محنت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کا اعادہ کیا گیا۔ 
وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز ساجد حسین طوری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ویژن 2030 کو سلام پیش کرتے ہیں اور اس کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔‘ 
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمارے جتنے پاکستانی سعودی عرب جائیں گے وہ وہاں کی اور ملک کی خدمت کریں گے۔‘ 
ساجد طوری کا کہنا تھا کہ ’انہیں خوشی ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان دونوں ملکوں میں آئی ایل او کے قوانین کے مطابق فیصلے ہوتے ہیں۔‘
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سعودی عرب کے وزیر برائے محنت جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ 
اس موقع پر سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ ’سعودی حکومت مزدوروں کو ان کے حقوق دینے کے لیے کام کر رہی ہے اور کارکنوں کو ہر ممکن سہولیات دی جا رہی ہیں۔‘
تقریب میں دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے، یوم مزدور کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا اور سعودی عرب میں مزدوروں کے حقوق اور ان کو دی جانے والی سہولیات سے متعلق مختصر فلمیں بھی دکھائی گئیں۔ 

شیئر: