Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایم ایس دھونی اگلے سال آئی پی ایل نہیں کھیلیں گے: محمد کیف

محمد کیف نےکہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ایم ایس دھونی نے عندیہ دے دیا ہے کہ یہ اُن کا آخری آئی پی ایل ہے۔ (فوٹو: آئی پی ایل)
انڈیا کے سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر محمد کیف نے دعویٰ کیا ہے کہ ایم ایس دھونی اگلے سال انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) نہیں کھیلیں گے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق آئی پی ایل کے جاری ایڈیشن میں اگر کسی ایک کھلاڑی کو سب سے زیادہ عوام سے پیار ملا ہے تو وہ انڈیا کے سابق کپتان اور آئی پی ایل کی ٹیم چنئی سپر کنگز کے کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر مہندرا سنگھ دھونی ہیں۔
رواں سیزن میں ایم ایس دھونی نے 13 میچز میں صرف 50 گیندیں کھیلی ہیں تاہم جس بھی شہر میں ان کی ٹیم کا میچ ہوا ہے وہاں ’دھونی دھونی‘ کی صدائیں مسلسل جاری رہی ہیں۔
ایسا ہی نظارہ اتوار کے روز چنئی کے چیپوک سٹیڈیم میں چنئی سپر کنگز اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے میچ کے بعد دیکھنے میں آیا جب شائقین نے اپنے موبائل فونز کی فلیش لائٹس آن کر کے ایم ایس دھونی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ایم ایس دھونی گھٹنے پر ’کیپ‘ پہنے گھومتے ہوئے نظر آئے جبکہ انہوں نے چنئی سپر کنگز کی شرٹس اور ٹینس بالز بھی عوام میں پھینکیں۔
اسی دوران انڈیا کے سابق کرکٹر سنیل گواسکر بھی دھونی کے لیے بے تاب نظر آئے اور دھونی سے اپنی شرٹ پر آٹو گراف لینے چلے گئے۔
میچ کے بعد سابق کرکٹر محمد کیف نے سٹار سپورٹس کے شو ’کرکٹ لائیو‘ میں کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ ایم ایس دھونی نے عندیہ دے دیا ہے کہ یہ اُن کا آخری آئی پی ایل ہے۔ وہ دنیا سے اندازہ لگوا رہے ہیں اور یہی اُن کی عادت ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ دھونی اگلے برس کا آئی پی ایل نہیں کھیلیں گے۔‘
انہوں نے ایم ایس دھونی اور سنیل گواسکر کے درمیان خوشگوار لمحات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے کبھی نہیں دیکھا کہ سنیل صاحب نے کسی کرکٹر کا آٹوگراف لیا ہو۔ سنیل گواسکر جیسے عظیم کھلاڑی نے ایم ایس دھونی کا آٹوگراف لیا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے ایم ایس دھونی کتنے عظیم کھلاڑٰی ہیں۔‘
دوسری جانب کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف میچ سے پہلے چنئی سپر کنگز کے پاس پلے آف میں جانے کا سنہرا موقع تھا تاہم وہ میچ ہارنے کے بعد دھونی کی چنئی سپر کنگز کے لیے پلے آف میں جانے میں رکاوٹ کھڑی ہوگئی ہے۔
تاہم دہلی کیپیٹلز کے خلاف میچ میں اگر چنئی سپر کنگز کامیاب ہو جاتی ہے تو پلے آف میں جانے کے اُن کے امکانات مزید روشن ہوجائیں گے۔
خیال رہے چنئی سپر کنگز 13 میچز کھیل کر 15 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

شیئر: