Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایلویس پریسلے کا طیارہ برائے فروخت

شہرہ آفاق پاپ گلوکار ایلویس پریسلے کو فوت ہوئے برسوں گزرچکے ہیں اور اس دوران ا سکے زیر استعمال مختلف چیزیں وقتاً فوقتاً فروخت ہوتی رہی ہیں اور یہ سلسلہ آج تک چل رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اب ایلویس پریسلے کے زیر استعمال رہنے والا اسکا آخری پرائیویٹ طیارہ نیلامی میں رکھ دیا گیا ہے اور 27مئی کو ہونے والی نیلامی میں ابتدائی بولی 35لاکھ ڈالر سے شروع ہوگی۔ یہ طیارہ گزشتہ 30 برس سے مقامی روزویل ایئر پورٹ پر کھڑا ہے اور برسوں کی سال خوردگی نے اسکی حالت بڑی حد تک خراب کردی ہے۔ ماہرین کی نظر میں صورتحال ایسی ہے کہ 1962ءمیں لاک ہیڈ کی جانب سے تیار کردہ یہ طیارہ جو ریڈ جیٹ اسٹار نمبر ون کے نام سے مشہور تھا بیحد خستہ حال ہوگیا ہے یعنی اسے ابھی نہیں بیچا گیا تو پھر شاید اسکا کوئی خریدار نہیں ملے گا۔ واضح ہو کہ راک اینڈ رول میوزک کے شہنشاہ سمجھے جانے والے ایلویس پریسلے کے پاس 3پرائیویٹ جیٹ طیارے تھے تاہم یہ طیارہ جو نیلامی کیلئے رکھا گیا ہے اسکا سب سے زیادہ پسندیدہ طیارہ تھا کیونکہ اس نے اس طیارے کو اپنے والد ورنن پریسلے کے ساتھ مل کر خریدا تھا۔ طیارہ خریدنے کے بعد ایلویس پریسلے نے اسکی سجاوٹ یکسر بدل دی تھی اور پھر اس میں ازسر نو کام کرکے اسے نئی شکل دیدی تھی۔ اندرونی کام لکڑی کی مدد سے کیا گیاتھا جسے نمایاں کرنے کیلئے اس میں سونا بھی استعمال ہوا تھا جبکہ اس کا فرش مخملی سرخ رنگ کا تھا۔ طیارے کے موجودہ مالک کا کہناتھا کہ اس نے اتنے عرصے تک اس طیارے کو اس لئے بھی فروخت نہیں کیا کیونکہ اسے ایلویس پریسلے سے بیحد محبت تھی اور وہ اس طیارے کو اپنے پاس رکھنا چاہتا تھا مگر اسکی مالی حالت بھی خراب ہے اور طیارہ بھی اچھی حالت میں نہیں۔ واضح ہو کہ یہ طیارہ 1957ءسے 1978ءکے درمیان جیٹ اسٹار اور لاک ہیڈ کے اشتراک سے بننے والے 204طیاروں میں سے ایک تھا۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق طیارہ ڈھانچہ ہی ڈھانچہ ہے اس میں کوئی انجن نہیں مگر اس سے دلچسپی رکھنے والے ایک شخص نے اولین پیشکش کرتے ہوئے 10ہزار ڈالر کی بولی لگا بھی دی ہے۔

شیئر: