حرمین ٹرین سے مدینہ پہنچنے والے حجاج کےلیے تحائف
اتوار 2 جولائی 2023 22:34
اس سال اٹھارہ لاکھ سے زیادہ افراد نے فریضہ حج ادا کیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی حرمین ہائی سپیڈ ریلوے کے ذریعے مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ پہنچنے والے حجاج کو آب زمزم کی بوتلیں دی جارہی ہیں اور تحائف سے ان کا خیرمقدم کیا جا رہا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق عازمین مناسک حج سے پہلے یا اس کے بعد مسجد نبوی کی زیارت کےلیے مدینہ منورہ آتے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سال اٹھارہ لاکھ سے زیادہ افراد نے فریضہ حج ادا کیا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی ریلوے کمپنی (سار) کا کہنا ہے کہ’ حج سیزن 2023 (1444ھ) میں مشاعر مقدسہ ٹرین آپریشنل پلان کامیاب رہا ہے‘۔
’مشاعر مقدسہ ٹرین سے سات دن کے دوران 2.13 ملین افراد نے منی، عرفات اور مزدلفہ کا سفر کیا۔ ٹرین نے 2208 راونڈ لگائے لگائے ہیں‘۔
’اتوار 25 جون (7 ذی الحجہ 1444ھ) کو مشاعر مقدسہ ٹرین کا آپریشنل پلان شروع ہوا تھا جو سنیچر یکم جولائی (13 ذی الحجہ 1444ھ) تک جاری رہا‘۔