حائل اور تیما میں شدید سردی، ریاض میں موسلادھار بارش
جمعرات 18 دسمبر 2025 11:07
’متوقع موسمی صورتحال میں تیز رفتار ہوائیں، حدِ نگاہ میں شدید کمی اور ژالہ باری کا امکان ہے‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے دارالحکومت ریاض اور درعیہ میں شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ بارشیں آج جمعرات کے روز سہ پہر تین بجے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے محکمے نے واضح کیا ہے کہ متوقع موسمی صورتحال میں تیز رفتار ہوائیں، حدِ نگاہ میں شدید کمی، ژالہ باری، گرج چمک کے ساتھ بجلی اور ندی نالوں میں طغیانی شامل ہے۔

شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، وادیوں کے راستوں اور پانی جمع ہونے والی جگہوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسی دوران حائل ریجن کے مختلف شہروں میں برف باری کا آغاز ہو گیا ہے جس کے بعد متعدد سکولوں کے طلبہ و طالبات کو آگاہی پیغامات ارسال کئے گئے ہیں جن میں گرم ملبوسات پہننے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
یہ اقدام طلبہ کی سلامتی کے پیشِ نظر اور ذمہ داری کے احساس کے تحت کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق حائل میں درجۂ حرارت منفی دو ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کی توقع ہے۔
سردی کی یہ شدید لہر آج جمعرات سے اتوار 21 دسمبر تک برقرار رہے گی جو اس موسم کی شدید ترین سرد لہروں میں سے ایک سمجھی جا رہی ہے۔
اسی تناظر میں متعدد سکول نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ طلبہ کو بغیر کسی عذر کے غیر حاضر نہ ہونے دیں۔

دریں اثنا محکمہ موسمیات نے ملک کے 13 علاقوں میں موسمی الرٹ جاری کئے ہیں جس میں مختلف شدت کی بارش، تیز ہواؤں، سرد لہروں اور دھند و گرد و غبار کے باعث حدِ نگاہ میں کمی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ادھر مشرقی ریجن میں دمام، الخبر، الجبیل، القطیف، رأس تنورة، الاحساء اور بقیق سمیت متعدد شہروں میں الرٹ کی سطح سرخ کر دی گئی ہے جہاں شدید بارش، انتہائی تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ آسمانی بجلی، ندی نالوں میں طغیانی اور ژالہ باری کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
آج جمعرات کی صبح تیماء سے جنوب کی جانب 19 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع شاہراہ پر برف جمنے کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تیما میں درجۂ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ سے کم ہو کر منفی 3 ڈگری تک گرنے کا امکان ہے جبکہ فجر اور علی الصبح کے اوقات میں برف پڑنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا تھا۔