وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کی ملاقات
منگل 11 جولائی 2023 21:47
وزیراعظم نے پاکستان کے لیے فراخدلانہ اور غیرمتزلزل حمایت پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا (فوٹو: اے پی پی)
سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کی پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی ہے۔
پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے مطابق ’وزیراعظم شہباز شریف نے سٹیٹ بینک میں دو ارب ڈالر جمع کرانے پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اظہار تشکر کیا۔‘
’وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان آئی ٹی، توانائی، بنیادی ڈھانچے اور لیبر سمیت اہم شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دیا جانا چاہیے۔‘
وزیراعظم نے پاکستان کے لیے فراخدلانہ اور غیرمتزلزل حمایت پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا جس نے خاص طور پر آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
بیان کے مطابق ’وزیراعظم نے سعودی سفیر سے کہا کہ وہ ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کا سٹیٹ بینک آف پاکستان میں دو ارب ڈالر جمع کرانے پر پاکستان کی طرف سے خصوصی شکریہ ادا کریں۔‘
اس موقع پر سعودی سفیر نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورت حال پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب برادرانہ رشتے میں بندھے ہوئے ہیں جو باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم، قریبی تعاون اور ایک دوسرے کی حمایت کی لازوال روایت پر مشتمل ہے۔
’وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے کا بے تابی سے منتظر ہے۔‘