شجرکاری اور ماحولیاتی پائیداری: تبوک کی نرسریوں میں 2.6 ملین پودے تیار
ان اقدامات سے صحرائی پھیلاؤ کی روک تھام میں مدد ملے گی ( فوٹو: ایس پی اے)
تبوک ریجن میں موجود ’نرسریاں‘ سبزے اور زرعی پیداوار کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ نرسریوں میں سالانہ تقریبا 26 لاکھ پودے تیار کیے جاتے ہیں جس سے زرعی شعبے کی ترقی اور ماحولیاتی پائیداری میں بھی مدد مل رہی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت ماحولیات، پانی و زراعت کی ریجنل برانچ کے زیر انتظام نرسریوں میں پھل دار پودوں جن میں آڑو، خوبانی اور انگور کے علاوہ سٹریس پھل، زیتون کی مختلف اقسام کے ساتھ ساتھ آرائشی پودوں اور مقامی جنگلی نباتات کی وسیع اقسام دستیاب ہیں۔
وزارت کے ریجنل ڈائریکٹر انجینیئرامجد ثلاب نے بتایا کہ وزارت کی جانب سے مقامی ماحول اور آب و ہوا سے مطابقت رکھنے والے مختلف اقسام کے پودوں کی فراہمی کے لیے کوششیں جاری ہیں، تاکہ سرکاری اداروں، نجی شعبے اور کاشتکاروں کی ضروریات کو پورا کیا جائے۔

سالِ رواں تبوک کی نرسریوں نے پیداوار کے حجم اور اقسام کے تنوع کے اعتبار سے نمایاں ترقی کی ہے۔ مقامی نباتات، بالخصوص طلع، سدر اور ارطی کے پودوں کی افزائش پر خصوصی توجہ دی گئی ہے جبکہ پھل دار اور آرائشی درختوں کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا ان اقدامات سے سرسبز علاقوں کے رقبے کی توسیع، صحرائی پھیلاؤ کی روک تھام اور معیارزندگی کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
