عرب اتحاد نے مکہ ریجن کی جانب داغے گئے دو ڈرون مار گرائے
اتوار 15 نومبر 2026 17:37
حوثیوں نے حالیہ دنوں میں سعودی اہداف پر حملوں میں اضافہ کیا ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی دفاعی فضائی نظام نے جمعرات کی سہ پہر حوثیوں کی جانب سے مکہ ریجن کی جانب سے داغے گئے دو ڈرونز کو راستے میں روک کر تباہ کردیا۔
اس سے قبل عرب اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا ’ریاض کی جانب داغے جانے والے دو بیلسٹک میزائلوں کو انٹرسپیٹ کرکے تباہ کیا گیا جبکہ الشرقیہ ریجن میں تین ڈرونز کو روکا گیا ہے۔‘
ریاض میں جمعرات کی صبح 4 بجکر 8 منٹ پر سعودی سول ڈیفنس کا الرٹ جاری ہوا جس میں رہائشیوں کو فضائی خطرے سے خبردار کیا گیا۔ کچھ منٹوں بعد تین زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں بعد ازاں خطرہ ٹل جانے کا اعلان کیا گیا۔
یاد رہے سنیچر کو ریاض اور جنوبی ریجن کی جانب داغے جانے والے دو ڈرونز کو روک کر تباہ کیا گیا۔
ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا سعودی عرب میں شہری تنصیبات جن میں ایئرپورٹس اور انرجی انفرا سٹرکچر شامل ہیں، کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے۔
حوثیوں نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران سعودی اہداف پر حملوں میں اضافہ کیا ہے۔
حوثیوں نے ریاض میں کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور دیگر سعودی ایئرپورٹس کو بھی بار بار نشانہ بنایا ہے۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ستمبر سے اب تک مملکت پر ہونے والے حملوں میں 26 افراد جان سے گئے۔ ان میں 23 افراد ایئرپورٹس پر ہونے والے حملوں میں مارے گئے۔
