Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ٹیم نے انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ میں تین ایوارڈ اپنے نام کرلیے

مقابلے میں 82 ممالک کے 387 طلبا نے حصہ لیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی طلبا کی ایک ٹیم نے 9 سے 18 جولائی تک جاپان میں منعقدہ 53 ویں انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ میں تین ایوارڈز اپنے نام کیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق مملکت کی نمائندگی کنگ عبدالعزیز اور ان کے ساتھیوں کی فاؤنڈیشن نے کی جسے موھبہ کہا جاتا ہے۔
مقابلے میں 82 ممالک کے 387 طلبا نے حصہ لیا۔ سعودی ٹیم میں پانچ طلبا و طالبات کا گروپ شامل تھا۔
طلبا نے مملکت اور بیرون ملک کے ماہرین کی رہنمائی میں ہزاروں گھنٹے پر مشتمل اندرونی اور بیرونی تربیت حاصل کی۔
انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ ایوارڈ جیتنے والوں میں جدہ ہائی سکول کے طالب علم حسین قدح شامل تھے جنہوں نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
حسین قدح کی کامیابی میں موھبہ کے تحت دو ہزار 550  گھنٹوں کی تربیت شامل تھی۔
الاحسا سے تعلق رکھنے والے مازن الشخص نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ انہوں نے تیاری کے لیے وقت وقف کیا اور دو ہزار 150 گھنٹوں کی تربیت لی۔
مکہ سے تعلق رکھنے والی ہائی سکول کی طلبہ روز السندی کو تعریفی سرٹیفکیٹ بھی دیا گیا۔ انہوں نے ایک ہزار 850 گھنٹوں پر مشتمل تربیتی سفر بھی کیا۔
 موھبہ کے جنرل ڈائریکٹر امل الھزاع سعودی وزیر تعلیم یوسف البنیان کی جانب سے تنظیم کو ملنے والی سپورٹ پر روشنی ڈالی۔
یہ سپورٹ سعودی عرب میں عمومی تعلیم کے ہونہار مرد اور خواتین طلبا  کی پرورش میں موھبہ کی کوششوں تک پھیلا ہوا ہے۔
 موھبہ کے جنرل ڈائریکٹر امل الھزاع نے کہا کہ ’ اس سال کی جیت موھبہ اور اس کے ساتھیوں کے درمیان قائم ہونے والے مضبوط اور جامع اتحاد کا ثبوت ہے جس میں کنگ عبداللہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بھی شامل ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ طلبا اور ماہرین نے مل کر قابل ذکر کامیابیاں حاصل کرنے، انٹرنیشنل اعزازات حاصل کرنے اور سعودی وژن 2030 میں متعین انیشیٹوز
اور اہداف کو پورا کرنے کے لیے کام کیا ہے‘۔
مملکت کے پاس اب 42 اولمپیاڈ انعامات ہیں جن میں تمغے اور تعریفی اسناد شامل ہیں۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل اولمپیاڈ ہائی سکول کے طلبا کے درمیان سالانہ مقابلے ہیں جو تعلیمی سال کے اختتام پر منعقد کیے جاتے ہیں۔ یہ مقابلے 10 دن جاری رہتے ہیں اور میزبان ملک سوالات کو ترتیب دینے اور تیار کرنے کا ذمہ دار ہوتا ہے۔
اولمپیاڈ کے بنیادی اہداف میں طلبا کے درمیان مواصلات اور تعاون کو فروغ دینا، تعلیمی اور سائنسی تجربات کے تبادلے کو آسان بنانا شامل ہے۔

شیئر: