Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 مدینہ منورہ: حجاج کی آمد ورفت کا سلسلہ جاری

شہر کے 57 فیصد ہوٹلوں میں حجاج مقیم ہیں (فوٹو، ایس پی اے)
 حج کی ادائیگی کے بعد مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے حجاج کرام کی مدینہ منورہ آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک 5 لاکھ سے زائد حجاج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ نے حج وزیارت کمیٹی کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے حوالے سے کہا ہے کہ مدینہ منورہ میں حجاج کرام کی آمد وروانگی کا سلسلہ مقررہ پروگرام کے مطابق جاری ہے۔
گزشتہ روز 19 ہزار 353 حجاج کرام مدینہ منورہ پہنچے جبکہ زیارت مسجد نبوی الشریف کے بعد منگل کے روز 26ہزار 62 حجاج مدینہ منورہ میں قیام کے بعد اپنے ملکوں کو روانہ ہوگئے۔
مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ایک سو سے زائد پروازوں کے ذریعے 21 ہزار 788 حجاج اپنے ملکوں کو روانہ ہوئے جبکہ 4 ہزار 107 حجاج الھجرہ استقبالیہ اسٹیشن سے 65 بسوں کے ذریعے روانہ ہوئے۔

گزشتہ روز 19 ہزار سے زائد حجاج مدینہ منورہ پہنچے(فوٹو، ایس پی اے)

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اس وقت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 1 لاکھ 70 ہزار 889 حجاج مدینہ منورہ میں موجود ہیں جو یہاں چند دن قیام کرنے کے بعد اپنے ملکوں کو روانہ ہوجائیں گے۔
مدینہ منورہ میں رہائشی ہوٹلوں کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت شہر کے 57 فیصد رہائشی ہوٹلوں میں حجاج مقیم ہیں۔

شیئر: