Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈچ بریڈر کی ریاض میں فالکن کی بین الاقوامی نیلامی میں اونچی اڑان

دس میں سے پانچ فالکنز کو فروخت کرنے میں کامیاب ہو ئے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں انٹرنیشنل فالکن بریڈرز کی نیلامی جاری ہے جس میں ایک فارم کے ڈچ مالک نے حصہ لے کر ایونٹ میں اپنی پہلی شرکت کے ساتھ ہی شاندار آغاز کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ریاض سے تقریباً 80 کلومیٹر ملہم میں واقع سعودی فالکن کلب کے ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والی سالانہ نیلامی اب اپنے تیسرے سال میں ہے جو دنیا بھر سے فالکن اور پالنے والوں کو راغب کرتی ہے۔
ڈچ فارم سپائیڈر فالکن کے مالک جنہوں نے اپنا نام صرف ڈینس بتایا نے کہا کہ ’ وہ اس نیلامی میں آ کر بہت خوش ہیں اور وہ ابتدائی چند دنوں میں لائے گئے 10 میں سے پانچ پرندوں کو فروخت کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ یہ مملکت کا میرا پہلا دورہ ہے اور میں نے سعودی فالکن کلب کی دیکھ بھال اور دلچسپی کو محسوس کیا ہے۔ لاجسٹکس اور تنظیم متاثر کن ہیں‘۔
سپائیڈر فالکن نیلامی میں حصہ لینے والا پہلا ڈچ فارم ہے۔ منتظمین کے مطابق ’ اس کا مقصد فالکنرز اور پروڈیوسروں کے لیے ایک محفوظ اور فروغ پذیر مارکیٹ کی میزبانی کرنا، فالکنری کی ترقی، اختراع، افزائش اور دیکھ بھال میں قیادت کو فروغ دینا ہے‘۔
ڈینس نے منتظمین کی تعریف کی جن کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ’ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل جانچ کر رہے ہیں کہ تمام پرندے فٹ اور صحت مند ہیں اور نیلامی کا عمل آسانی سے چل رہا ہے‘۔
ایونٹ میں نیلامی کے چھ راؤنڈز خاص طور پر بیرون ملک سے لائے گئے فالکنز کے لیے ہیں۔

پہلی دو نیلامیوں میں 800 سے زائد پرندے 10 ملین ریال سے زیادہ میں فروخت ہوئے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)

ڈچ بریڈر نے کہا کہ ’ انہیں یقین ہے کہ شو کے اختتام سے پہلے ان کے باقی پانچ پرندے بھی نئے گھر تلاش کر لیں گے‘۔
سعودی فالکن کلب نے کہا ہے کہ ’ نیلامی میں خریدے گئے تمام فالکن کنگ عبدالعزیز فالکن فیسٹیول کے مقابلے میں حصہ لینے کے اہل ہیں جو کہ 28 نومبر سے 14 دسمبر تک جاری رہے گا‘۔
سالانہ نیلامی دنیا بھر سے معروف فالکن فارموں کو راغب کرنے کے لیے معروف ہے۔
ڈینس نے کہا کہ  ’ ہم (پرندوں کی لمبائی اور وزن)، افزائش کے ماحول اور خوراک کے طریقوں کے بارے میں معلومات  کا تبادلہ کرتے رہے ہیں‘۔
سعودی فالکنز کلب کے ترجمان کے مطابق فالکنز اور فالکن پروڈیوسرز کے لیے ایک ’قابل اعتماد اور محفوظ مارکیٹ‘ فراہم کرنے کے لیے بنائی گئی پہلی دو نیلامیوں میں 800 سے زائد پرندے مجموعی طور پر 10 ملین ریال سے زیادہ میں فروخت ہوئے ہیں۔

شیئر: