Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودیوں کیلئے مخصوص پیشوں پر غیر ملکیوں کا قبضہ

طائف۔۔۔۔۔سعودی عرب کے کئی صوبوں میں سعودیوں کیلئے مختص19پیشوں پر غیر ملکیوں کو ملازم رکھنے کے واقعات ریکارڈ کئے گئے ہیں۔سعودائزیشن کی کمیٹیوں نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ متعدد نجی ادارے کئی پیشوں میں اب تک سعودیوں پر غیر ملکیوں کوترجیح دے رہے ہیں اور سعودیوں کیلئے مخصوص پیشوںپر سعودیوں کی تقرری کو نظر انداز کررہے ہیں۔مقیم غیر ملکیوں کو اچھی تنخواہیں دی جارہی ہیں۔سعودیوں کومعمولی اجرت والی اسامیوں پر تعینات کیا جارہا ہے۔ مذکورہ کمیٹیوں نے دعویٰ کیا کہ نجی ادارے سعودی ملازمین کوکم تنخواہ دے رہے ہیں، ان کی ترقی روک رہے ہیں،انہیں لمبی ڈیوٹی کا پابند بنا رہے ہیں۔ معیار کے فقدان اور لاگت میں اضافے کے بہانے سعودیوں کو ملازم رکھنے سے گریز کررہے ہیں۔ سعودی عملے کے حصول کے حوالے سے آنکھیں موندے ہوئے ہیں۔اچھی تنخواہوں والی ملازمتیں سعودیوں کو نہیں دے رہے ہیں۔ غیر ملکی کارکن سعودیوںکو اپنا ہنر سکھانے سے گریز کررہے ہیں۔بعض ادارے معمولی درجے کے سعودی ملازم رکھ کر سعودائزیشن کی شرح بڑھا رہے ہیں ، سیکیورٹی گارڈز اور استقبالیہ کی ملازمتیں دینے پر اکتفا کررہے ہیں۔ کئی ادارے سعودیوں کو فرضی ملازم رکھے ہوئے ہیں۔ یہ ڈیوٹی نہیں دیتے اور فروغ افرادی قوت فنڈ سے ملنے والی تنخواہ پر انحصار کررہے ہیں۔ یہ کام زیادہ ترخوشبویات، آرائشی زیورات زنانہ ، ملبوسات، عبایہ جات، نجی اسکولوں، ریستوران، سیاحتی ایجنسیوں ، پولی کلینکس، اسپتالوں ، فارمیسیوں ، سپرمارکیٹ، اصلاح و مرمت کے اداروں ، ٹھیکیداروں اور سبزی و پھلوں کی مارکیٹوں میں ہورہا ہے۔

شیئر: