Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تجارتی پردہ پوشی، ریاض کی مارکیٹ میں غیرملکیوں کے خلاف کارروائی

سعودی ملازمہ نے بتایا کام کرتے ہوئے دو برس ہوچکے ہیں کبھی سعودی مالک کو نہیں دیکھا(فوٹو: سکرین گریب)
سعودی عرب میں انسداد تجارتی پردہ پوشی کی گراؤنڈ ٹیم نے ریاض کی ایک مارکیٹ میں دوغیرملکیوں کے خلاف کارروائی کی ہے جو سعودی شہری کے نام پر بڑا کاروبار کر رہے تھے۔ 
الاخباریہ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ’ریاض کی ایک مارکیٹ میں انسداد تجارتی پردہ پوشی کی ٹیم کو تفتیشی دورے میں معلوم ہوا کہ عروسی ملبوسات کی مارکیٹ میں غیرملکی کارکنوں کا ہولڈ ہے۔‘
تفتیشی ٹیم کو ایک دکان پر سعودی ملازمہ نے بتایا کہ انہیں دکان پر کام کرتے ہوئے دو برس ہوچکے ہیں اور اس عرصے میں کبھی دکان میں سعودی مالک کو نہیں دیکھا۔
سعودی ملازمہ کا  کہنا تھا کہ ’عرب ملک سے تعلق رکھنے والا غیرملکی دکان کے تمام معاملات کی نگرانی کرتا ہے۔ وہ رات کو دکان میں اس وقت آتا ہے جب تمام کارکن چلے جاتے ہیں۔ وہ روز جمع ہونے والی آمدنی اوراس کا ریکاڈ لے جاتا ہے۔‘
ملازمہ نے بتایا کہ مہینے کے آخر میں جو تنخواہ دی جاتی ہے وہ معمولی ہے۔
سعودی خاتون نے مزید کہا کہ ’صرف ملازمت دی گئی ہے۔ قانون کے مطابق سوشل سکیورٹی اورمیڈیکل انشورنس کی سہولت بھی فراہم نہیں کی گئی۔‘
’غیرملکی کے کاروبار کی پردہ پوشی کرنے والا سعودی شہری کبھی منظر پر نہیں آیا۔‘
انسداد تجارتی پردہ پوشی کمیٹی کے ذمہ دار نے بتایا کہ ’تجارتی امور میں غیرملکیوں کی غیرقانونی شمولیت کے سد باب کےلیے ادارے کی ٹیمیں مستقل بنیادوں پر کام کر رہی ہیں۔‘
’ہمارا مقصد ایسے افراد کے خلاف گھیرا تنگ کرنا ہے جو تجارتی پردہ پوشی میں ملوث ہوتے ہیں جس سے سعودی شہریوں کو روزگار میں  دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘
الاخباریہ کی رپورٹ کے مطابق ’ریاض میں شادی بیاہ کے ملبوسات کی مارکیٹ منافع بخش ہے لیکن اس پر غیرملکی چھائے  ہوئے ہیں۔‘

شیئر: