Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان اپنی ناکامیوں کا الزام پاکستان پر نہ تھوپے،ترجمان

  اسلام آباد...پاکستان نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن کے لئے مخلصانہ کوششیں کیں اور کرتے رہیں گے۔ افغانستان اپنی کمزوریوں کا الزام پاکستان پر نہ تھوپے ۔ جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کا حل صرف حق خودارادیت ہے۔ اقوام متحدہ کشمیرمیں جاری خونریزی روکنے کے اقدامات کرے۔ترجمان نے کہا کہ ہند ایک طرف کشمیری عوام پر مظالم ڈھا رہا ہے دوسری طرف جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کررہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ہند کلبھوشن کے معاملے پرعالمی عدالت میں غلط بیانی سے کام لے رہا ہے۔عالمی عدالت انصاف نے اس کے جھوٹے بیانات کا نوٹس لیا ہے۔کلبھوشن کی پھانسی پرحکم امتناعی عالمی عدالت کاحتمی فیصلہ نہیں۔ ابھی تو عالمی عدالت کے دائرہ اختیار پر دلائل ہونا باقی ہیں۔ ترجمان نے کابل دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان گزشتہ 40 سالوں سے حالت جنگ میں ہے۔ گزشتہ روز کابل دھماکے میں پاکستانی سفارت خانے کے اہلکار بھی زخمی ہوئے تاہم افغان خفیہ ایجنسی کی جانب سے کابل دھماکے کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرانا بے بنیاد اور قابل مذمت ہے۔ پاکستان اس قسم کے تمام بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتا ہے۔ ایک سوال پر انہوںنے کہا کہ سی پیک کسی ملک یا منصوبے کے خلاف نہیں، ہندخود بھی کشمیر تک میں بیرونی سرمایہ کاری لانا چاہتا ہے۔

 

شیئر: