Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نفرت اور تشدد کو ہوا دینے میں میڈیا کا کردار، جدہ میں بین الاقوامی فورم

ڈاکٹر محمد العیسی نے قوموں اور افراد کے درمیان دوستی کی اقدار مضبوط بنانے پر زور دیا (فوٹو: ایس پی اے)
جدہ میں اتوارکو نفرت اور تشدد کو ہوا دینے میں میڈیا کے کردار کے حوالے سے بین الاقوامی فورم کا آغاز ہوا ہے۔
 خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق فورم کے افتتاحی اجلاس میں رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد العیسی، ریاست فلسطین میں سرکاری میڈیا کے نگران اعلی وزیر احمد عساف، مسلم ممالک اور بین الاقوامی  ابلاغی سربراہ ، وزرا، سفرا، مذہبی شخصیات، دانشور، انسانی حقوق کے علمبردار اور بین الاقوامی تنظیموں کے قائدین شریک ہیں۔ 
رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل اپنے خطاب میں ذرائع ابلاغ کے ذریعے پھیلائی جانے والے نفرت انگیز تقاریر، امتیازی سلوک اور تشدد کے فروغ کا مقابلہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا جس سے وسیع تر تنازعات جنم لیتے ہیں۔  
انہوں نےکہا کہ’ بین الاقوامی برادری کی جانب سے نفرت کے رواج سے نمٹنے کی ضرورت کے احساس کے باوجود نفرت کا مرض وبا کی شکل اختیار کر گیا ہے‘۔ 
انہوں نے قوموں اور افراد کے درمیان دوستی کی اقدار کو مضبوط بنانے پر زور دیا تاکہ انسانیت امن اور سلامتی کے ساتھ رہ سکے۔ 
ڈاکٹر محمد العیسی کا کہنا تھا’ اس حوالے سے  بے جان قوانین بڑی رکاوٹ ہیں۔ جب تک سوجھ بوجھ اور نیک نیتی کے ساتھ  عالمی برادی اس سے نمٹنے کا عزم نہیں کرے گی تب تک بات نہیں بنے گی‘۔ 
انہوں نے کہاکہ ’دنیا بھر کے مسملم علما، دانشوروں کی جانب سے فلسطینی کاز کی حمایت اور غزہ میں جرائم بند  کرانے کے لیے کوششوں کو قدرو منزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں‘۔ 
’سعودی عرب نے تاریخی سربراہ اجلاس بلا کر جو کوشش کی ہے  وہ قابل تعریف ہے‘۔ 

فورم میں وزرا، مذہبی شخصیات، دانشور، انسانی حقوق کے علمبردار اور عالمی تنظیموں کے قائدین شریک ہیں۔ ( فوٹو: ایس پی اے)

فلسطینی وزیر اطلاعات العساف نے دعوی کیا کہ’ میڈیا 75 برس سے مسئلہ فلسطین کی تصویر مسخ کررہا ہے۔ قابض صہیونی حکام فلسطین کی تاریخ کو حرف غلط کی طرح  مٹانے کے درپے ہیں‘۔ 
صومالیہ کے وزیر اطلاعات داود اویس نے کہا’  فلسطین کی صورتحالنے بیشتر بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی جانبداری ظاہر کردی۔ بین الاقوامی میڈیا نے حقیقت اور اصول پسندی کو نظر انداز کیا۔ مسلم ممالک اپنے ابلاغی اداروں کو مضبوط بنائیں‘۔ 
او آئی سی میں شامل ممالک کے خبررساں اداروں کی تنظیم کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل محمد الیامی نے کہا’ میڈیا  صحیح اور غلط دونوں قسم کے تصورات اور خیالات پیش کررہا ہے‘۔
’یہ فورم ایسے وقت ہورہا ہے جب غزہ میں فلسطینی باشندے انسانی المیے کا شکار ہیں۔ اس صورتحال  کا تقاضا ہے بین الاقوامی ذرائع ابلاغ امن و استحکام کے مشن کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں‘۔ 

شیئر: