Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ اضافہ، انڈیکس 60 ہزار کی حد عبور کرگیا

پی ایس ایکس 100 انڈیکس 532 پوائنٹس اضافے کے بعد 60 ہزار 404 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
دوست ممالک کے تعاون اور عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے قرض کی منظوری کے اثرات سٹاک ایکسچینج میں نظر آنے لگے ہیں، پاکستان سٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس ملکی تاریخ میں پہلی بار 60 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ یو اے ای اور سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی خبروں اور عالمی مالیاتی اداروں کو یقین دہانی کے مثبت اثرات مارکیٹ میں نظر آ رہے ہیں۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو بھی تیزی دیکھی جارہی ہے۔ منگل کے روز کاروبار کا آغاز مثبت سمت سے شروع ہوا جو پہلے سیشن تک برقرار رہا اور دوران ٹریڈنگ مارکیٹ 60 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کرگئی۔ دوپہر 12 بجے پی ایس ایکس 100 انڈیکس 532 پوائنٹس اضافے کے بعد 60 ہزار 404 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
معاشی امور کے ماہر سمیع اللہ طارق کے مطابق عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے پاکستان کو قرض دینے کی رضامندی سامنے آئی جس کے بعد ملک میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ اس کے علاوہ سعودی عرب اور یو اے ای سمیت دیگر دوست ممالک کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی خبروں کا اثر بھی مارکیٹ میں دیکھا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید بڑھانے کے لیے حکومت کو مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
معاشی تجزیہ کار عبدالعظیم کا کہنا ہے کہ سٹاک مارکیٹ میں مسلسل تیزی کا رجحان دیکھا جارہا ہے۔
ان کے مطابق ’اس کی ایک وجہ ملک میں گردش کرنے والی مثبت خبریں ہیں۔ آئی ایم ایف سے معاملات طے ہونے اور ورلڈ بینک سے قرض ملنے کے اشاروں کا برائے راست اثر مارکیٹ میں دکھائی دے رہا ہے۔ اس وقت سرمایہ کار مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرتے نظر آرہے ہیں جو خوش آئند ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کی تاریخ کے اعلان کی وجہ سے بھی کچھ سیاسی استحکام نظر آرہا ہے اور سرمایہ کار اپنی سرمایہ کاری کو محفوظ تصور کررہے ہیں۔
دوسری جانب فاریکس ڈیلرز کے مطابق منگل کے روز انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں معمولی کمی رپورٹ کی جارہی ہے۔ کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو کاروباری اوقات کے پہلے حصے میں انٹر بینک مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر کی قیمت 6 پیسے کمی کے ساتھ 285 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔

شیئر: