Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرم کی نئی توسیع سے 1.85ملین نمازیوں کی گنجائش

 مکہ مکرمہ ..... نائب گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ عبداللہ بن بندر نے اتوار کو مسجد الحرام کا دورہ کرکے تیسری سعودی توسیع کی تفصیلات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ حرم شریف کی نئی توسیع مکمل ہونے پر 1.85ملین نمازیو ںکیلئے عبادت کی گنجائش پیدا ہوجائیگی۔ انہوں نے دورے کا آغاز رمضان اسکیموں پر عمل درآمد کی بابت اطمینان کرکے کیا۔ اس ضمن میں انہوں نے صفا اور مروہ کے علاقے کو ماہ مبارک کے دوران معتمرین کیلئے مختص کرنے ، مطاف کو عمرہ کرنے والوں کیلئے مخصوص کرنے اور جرول انڈر پاس کو نمازیوں و معتمرین کیلئے کھولنے سے سامنے آنے والے فوائد کی بابت یقین حاصل کیا۔ نائب گورنر باب علی بھی گئے جسے معتمرین اور نمازیوں کے حرم لانے لیجانے کیلئے مخصوص کردیا گیا ہے۔انہوں نے زائرین کیلئے الحرم اسپتال کا بھی دورہ کیا۔ یہ مسجد الحرام کے شمالی جانب سے آنے والے ضیوف الرحمن کی سہولت کیلئے کھولا گیا ہے۔ اسے اعلیٰ درجے کے طبی آلات ، اعلیٰ صلاحیت اور تجربے کے مالک طبی عملے سے آراستہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مغربی اور جنوبی صحن بھی دیکھے۔ اس موقع پرامن عامہ کے ڈائریکٹر عثمان المحرج، ایمرجنسی فورس کے کمانڈر خالد الحربی، معاون ڈائریکٹر امن عامہ حج و عمرہ ڈاکٹر سعود الخلیوی، ڈائریکٹر مکہ مکرمہ پولیس سعید القرنی، سیکیورٹی کے دیگر افسران اور عہدیدار انکے ہمراہ تھے۔ نئی سعود ی توسیع سے مسجد الحرام کا تعمیراتی رقبہ1.47ملین مربع میٹر کا ہوجائیگا۔ اس میں 12لاکھ50ہزار نمازی عبادت کرسکیں گے۔ توسیعی حصے میں 3لاکھ افراد کی گنجائش ہوگی۔توسیعی منصوبے کے تحت 11878میٹر طویل پہاڑی سرنگیں بنائی گئی ہیں۔ یہ پیدل چلنے والوں ، ایمرجنسی خدمات ، نیز بجلی، نکاسی آب وغیرہ کے لئے مخصوص ہیں۔ نئی توسیع میں 4524 ڈیجیٹل اسپیکر لگائے گئے ہیں۔6635سی سی کیمرے، 44ٹی وی کیمرے، ریڈیو ،ٹی وی اسٹوڈیو کابندوبست کیا گیا ہے۔اس کے تحت کدی، المرة ا ور جبل الکعبہ مکہ سرکلر روڈ ون پر 3بس اڈے قائم کئے جائیں گے۔ ان سے فی گھنٹہ 3لاکھ3ہزار افراد سفر کرسکیں گے۔
 

شیئر: