Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عالمی سائنس مقابلے میں سعودی طالبہ کی دوسری پوزیشن

مقابلوں میں 27 ممالک کے 600 سے زائد طلبہ نے شرکت کی (فوٹو: سبق)
تائیوان کے دارالحکومت تائپے میں ہونے والی عالمی سائنس نمائش ٹیسف 2024 میں محکمہ تعلیم جازان کی طالبہ نے دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق سعودی طالبہ غلا ترکی المعبدی کا سائنسی مقابلوں میں انجینیئرنگ کے شعبے میں دوسری پوزیشن حاصل کرنا مملکت میں تعلیم کے میدان میں ہونے والی مثبت تبدیلیوں کی نشاندہی کرتا ہے۔
گورنر جازان شہزادہ محمد بن ناصر بن عبدالعزیز نے طالبہ اور اس کے اہل خانہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سعودی قیادت کی سرپرستی نے سعودی طلبہ کی عالمی مقابلوں میں کامیابی ممکن بنائی ہے۔  
محکمہ تعلیم جازان کے ہائی سکول کی طالبہ غلا ترکی المعبدی نے ماحولیاتی انجینیئرنگ کے میدان میں ہائیڈروجن سے چلنے والی ہائبرڈ گاڑیوں کا ابتدائی ماڈل پیش کیا جس کو پانی اور دیگر ذرائع توانائی کے مدد سے چلایا جائے گا۔
یاد رہے کہ تائیوان کے دارالحکومت تائپے میں ہونے والی عالمی سائنس نمائش ٹیسف 2024 میں مختلف مقابلے 27 جنوری سے 2 فروری تک جاری رہے۔
ان مقابلوں میں 27 ممالک کے 600 سے زائد سیکنڈری اور ہائی سکول کے طلبہ نے شرکت کی۔
سعودی طلبہ نے فزکس اور فلکیات کے شعبوں میں دو خصوصی انعامات جیتنے کے علاوہ انجینیئرنگ، ماحولیاتی انجینیئرنگ، طب اور بائیولوجی، کیمسٹری، اور ماحولیاتی علوم کے شعبوں میں دوسری، تیسری اور چوتھی پوزیشنز حاصل کر کے 7 بڑے انعامات اپنے نام کیے۔ 
واضح رہے  ٹیسف نمائش ہر سال تائیوان کے دار الحکومت میں ہوتی ہے اور اس میں انعامات جامعات اور ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے طے کردہ معیاروں کے مطابق دیے جاتے ہیں۔

شیئر: