Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مہنگا ترین فن پارہ‘ اونٹ کے بالوں سے تیار کردہ ’مملکت کا نقشہ‘

سعودی آرٹسٹ نے یہ فن پارہ 10 ماہ میں تیار کیا ہے۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)
سعودی عرب کے یوم تاسیس پر سعودی بچے نے اونٹ کے بالوں سے تیار کردہ مملکت کے نقشے پر مبنی فن پارہ تیار کیا ہے۔ اس فن پارے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق 14 سالہ یزید الشھرانی کے والد علی الشھرانی نے بتایا کہ فن پارے کو تیار کرنے میں انہوں نے مدد کی لیکن اس حوالے سے آئیڈیا اور تیاری ان کے بیٹے نے کی ہے۔
علی الشھرانی نے کہا کہ اس فن پارے کو دنیا کا مہنگا ترین کہا جا سکتا ہے۔ یہ ایک طرح کی دستاویز بھی ہے۔ جو ہماری تہذیبی اور ثقافتی تاریخ کی عکاس ہے۔
 اس فن پارے کو تیار کرنے کے لیے اونٹ کے بال اور خالص اون کا استعمال کیا گیا ہے۔

فن پارے میں خالص اون  کا بھی استعمال کیا گیا ہے۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)

یزید الشھرانی نے فن پارے کے حوالے سے کہا کہ اس کی تیاری میں دس ماہ لگے۔ یہ فن پارہ مملکت سے محبت اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہونے کے باعث مکمل ہو سکا کیونکہ یہ ایک مشکل کام تھا۔
انہوں نے کہا کہ ان کا بیٹا یزید مڈل سکول کا طالب علم ہے اور وہ اپنے خیالات میں ہمیشہ نیا پن لانے کی کوشش کرتا ہے۔ مملکت کے نقشے کے حوالے سے فن پارہ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

دن رات محنت کرکے یوم تاسیس سے قبل یہ فن پارہ تیار کیا گیا (فوٹو الاخباریہ)

سعودی آرٹسٹ کے والد نے کہا کہ ان کے بیٹے نے دن رات کام کرکے اس فن پارے کو یوم تاسیس سے قبل مکمل کیا تاکہ مملکت کے اس نقشے کو سعودی میڈیا میں یاد رکھا جائے گا۔
 الاخباریہ کے معروف پروگرام ’الراصد‘ میں ننھے آرٹسٹ یزید الشھرانی نے  اپنی پینٹنگ کے حوالے سے تفصیلات بتاتے اس کا عنوان ’صدی کی پینٹنگ‘ قرار دیا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: