Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 ریاض میں عظیم الشان ’ شاہ عبدالعزیز پارک‘ کی تعمیر کا آغاز

پارک کا رقبہ 3.4 ملین مربع میٹرہے جو 36 ماہ میں مکمل ہو جائے گا (فوٹو، ایس پی اے)
رائل کمیشن برائے ریاض کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ’سرسبز ریاض‘ مہم کے تحت شہر میں عظیم الشان پارک کی تعمیر کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مجوزہ پارک کو بانی مملکت کے نام پر ’شاہ عبدالعزیزپارک‘ رکھنے کی منظوری دی ہے جس کی سفارش ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان نے کی تھی۔
مجوزہ پارک 3.4 ملین میٹر مربع پر تعمیر کیا جائے گا جس کی تکمیل میں 36 ماہ لگیں گے۔ شاہ عبدالعزیز پارک ریاض شہر کے شمالی جانب شاہ سلمان بن عبدالعزیز شاہراہ کے قریب ہوگا۔

زیر تعمیر پارک شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ، شہزادی نورہ یونیورسٹی کے قریب ہے جبکہ ریلوے اسٹیشن سے بھی اس کا زیادہ فاصلہ نہ ہونے کی وجہ سے وہاں آنے میں کافی لوگوں کو کافی سہولت ہو گی۔

پارک کے منصوبے کےلیے چار عالمی کمپنیوں کی جانب سے خاکے پیش کیے گئے جن میں سے بہترین نقشے کو منظور کیا گیا ہے تاکہ تیار ہونے والا پارک ایک شہکار ہو۔
شاہ عبدالعزیز پارک میں 2 لاکھ میٹرمربع کے رقبے پر  انواع و اقسام کے درخت اگائے جائیں گے جبکہ سبزہ زار اس کے علاوہ ہوگا جہاں 200 اقسام کے پودے لگائے جائیں گے۔

پارک کا ڈیزائن تیار کرنے میں 4 عالمی کمپنیوں نے حصہ لیا (فوٹو، ایس پی اے)

پارک کا 65 فیصد حصہ درختوں پرمشتمل ہوگا جہاں 20 لاکھ کے قریب درخت اور پودے لگائے جائیں گے تاکہ علاقے کو سرسبز بنایا جاسکے جس سے ماحول بھی بہتر ہوگا۔ پارک میں بچوں کی تفریح کے لیے 24 مقامات مخصوص کیے جائیں گے جبکہ 30 مقامات پر ورزش کے لیے ہوں گے۔ پارک میں واکنگ ٹریک اور سائیکلنگ کے لیے بھی مقامات مخصوص ہوں گے۔

شیئر: