Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سکواڈ کا اعلان

بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا سکواڈ 17 کھلاڑیوں پر مشتمل ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے 17 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ 
پی سی بی کی جانب سے جاری کی گئی ایک پریس ریلیز کے مطابق بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے شان مسعود کو ٹیم کا کپتان اور سعود شکیل کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ کامران غلام، محمد علی اور محمد ہریرہ بھی 17 رکنی سکواڈ میں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 21 سے 25 اگست تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کا دوسرا میچ کراچی میں 30 اگست سے 3 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔
پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم سکواڈ کا ٹریننگ کیمپ 11 اگست سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہوگا جبکہ ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کیمپ کی نگرانی کریں  گے۔
سعود شکیل بنگلہ دیش اے کے خلاف پہلے 4 روزہ میچ میں بھی پاکستان شاہینز کی قیادت کریں گے۔ سابق آسٹریلوی کرکٹر جیسن گلیسپی کی پاکستان کے ریڈ بال ہیڈ کوچ کی حیثیت سے یہ پہلی ٹیسٹ سیریز ہوگی۔
بنگلہ دیش کی ٹیسٹ ٹیم 17 اگست کی صبح اسلام آباد پہنچے گی اور متوقع طور پر وہ اسی روز دوپہر کو ٹریننگ کا آغاز کرے گی۔

ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان سکواڈ

شان مسعود (کپتان) ، سعود شکیل ( نائب کپتان)، عامر جمال ( فٹنس سے مشروط)، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، کامران غلام، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد رضوان ( وکٹ کیپر)، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر) اور شاہین شاہ آفریدی پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہیں۔

پاکستان ٹیم کے 21 اگست 2024ء سے 5 اپریل 2025ء تک 9 ٹیسٹ میچز، 14 ٹی20 اور کم ازکم 17 ون ڈے انٹرنیشنل شیڈول ہیں۔
ٹیسٹ سکواڈ کے اعلان کردہ 17 میں سے 13  کھلاڑی پاکستان ٹیم کے گزشتہ دورہ آسٹریلیا میں شامل تھے۔ محمد ہریرہ، کامران غلام اور محمد علی کو ڈومیسٹک کرکٹ اور پاکستان شاہینز کی طرف سے عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کی 13 ماہ بعد ریڈ بال کرکٹ میں واپسی ہو رہی ہے۔

پاکستان شاہینز سکواڈ

سعود شکیل (کپتان)، کامران غلام، مہران ممتاز، میر حمزہ، محمد علی، محمد رمیز جونیئر، محمد ہریرہ، نسیم شاہ، سعد بیگ (وکٹ کیپر)، سعد خان، صائم ایوب، ثمین گل، سرفراز احمد (وکٹ کیپر ) اور عمر امین پاکستان کے سکواڈ میں شامل ہیں۔
پی سی بی کے بیان کے مطابق پہلے 4 روزہ میچ کی تیاری کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم  بدھ کے روز سے اسلام آباد کلب میں ہیڈ کوچ عمر گل کی نگرانی میں ٹریننگ سیشن کا آغاز کرے گی۔ جیسن گلیسپی اور اظہر محمود کے 11 اگست کو کیمپ میں شامل ہو کر کیمپ میں عمرگل کی معاونت کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ اس وقت بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے رابطے میں ہے اور توقع ہے کہ پاکستان شاہینز اور بنگلہ دیش اے کی سیریز کے نظرثانی شدہ شیڈول کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔

شیئر: