Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیویارک: یہودیوں کے سینٹر پر حملے کی منصوبہ بندی کا الزام، پاکستانی گرفتار

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ شاہ زیب خان داعش کا حامی ہے اور اس کے حق میں سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا بھی کرتا رہا (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی حکام نے کہا ہے کہ کینیڈا میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جو حماس کے اسرائیل پر حملے کا ایک سال مکمل ہونے پر نیویارک میں یہودیوں کے مرکز پر فائرنگ کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق امریکہ کے اٹارنی جنرل میریک گارلینڈ کا کہنا ہے کہ ’شاہ زیب خان نامی شخص کینیڈا میں رہتا ہے۔ انہوں نے نیویارک آنے کی کوشش کی تھی اور داعش کے نام پر زیادہ سے زیادہ یہودیوں کو ذبح کرنے کا ہدف کر رکھتا تھا۔‘
20 سالہ شخص شاہ زیب خان کو کینیڈا سے 4 ستمبر کو گرفتار کیا گیا تھا اور ان پر دہشت گرد گروپ داعش کو مالی امداد اور وسائل فراہم کرنے کا الزام بھی لگایا گیا تھا۔
اٹارنی جنرل میریک گارلینڈ نے کہا کہ ’دوسری کمیونیٹیز کی طرح ملک میں رہنے والے یہودیوں کو خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے کہ وہ کسی دہشت گرد حملے کا نشانہ بن جائیں گے۔‘
تاہم یہ بات واضح نہیں ہو سکی کہ کینیڈا میں ملزم شاہ زیب خان کو وکیل کی سہولت دستیاب ہے یا نہیں اور ان کو کب امریکہ لایا جائے گا۔
 محکمہ انصاف نے آن لائن بیان میں کہا ہے کہ شاہ زیب خان کو 13 ستمبر کو منٹریال کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
رائل کینیڈین پولیس کا کہنا ہے کہ ’یہودیوں کے خلاف حملے کی منصوبہ بندی افسوسناک ہے اور کینیڈا میں نفرت پر مبنی ایسی سوچ اور جرائم کے لیے کوئی جگہ نہیں۔‘
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ شاہ زیب خان نے گزشتہ سال نومبر سے سوشل میڈیا کی پوسٹس کے ذریعے داعش کے حق میں پروپیگنڈا اور دہشت گرد گروپ کی حمایت کا اظہار کرنا شروع کیا تھا۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے کے دو خفیہ اہلکاروں کے ساتھ گفتگو میں شاہ زیب خان نے کہا تھا کہ وہ امریکہ میں اسرائیلی یہودیوں پر حملوں کے لیے ایک ’ریئل آف لائن سیل‘ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
محکمہ انصاف کے مطابق شاہ زیب خان کا کہنا تھا کہ وہ اور امریکہ میں مقیم داعش کے حامیوں کو حملوں کے لیے اسلحے، چاقوؤں اور دوسرے سامان کی ضرورت ہے۔
شاہ زیب خان نے اس حوالے سے بھی معلومات دی تھیں کہ وہ کس طرح کینیڈا کا بارڈر پار کر کے امریکہ میں داخل ہوں گے اور یہ بھی کہا تھا کہ وہ سات اکتوبر جو کہ حماس کے اسرائیل پر حملوں کی سالگرہ ہے، کے روز یہودیوں کے مرکز پر حملہ کریں گے یا پھر 11 اکتوبر کو جو یہودیوں کا چھٹی کا دن ہوتا ہے۔
محکمہ انصاف کے مطابق ’20 اگست کو شاہ زیب خان نے خفیہ پولیس حکام کو بتایا تھا کہ وہ نیویارک جانا چاہتے ہیں کیونکہ وہاں یہودیوں کی کافی آبادی ہے اور ان کو جیوئش سینٹر کے اندر کی تصاویر بھی بھجوائیں جہاں وہ حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔‘
حکام کے مطابق ملزم نے ایک آن لائن پیغام میں نیویارک کے شہر بروکلین کو یہودیوں کا ہیڈکوارٹر قرار دیا تھا۔
ملزم بدھ کی صبح ٹورانٹو سے گاڑی میں روانہ ہوا جن کو آرمس ٹاؤن کے علاقے میں پولیس نے روک کر گرفتار کیا یہ علاقہ بارڈر سے 19 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

شیئر: