غزہ کے لیے ماہانہ مالی امداد فلسطینی وزیراعظم کے حوالے کر دی گئی
’سعودی قیادت نے غزہ میں انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے ماہانہ مالی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
فلسطین میں غیر مستقل سعودی سفیر اور بیت المقدس میں قونصل جنرل نایف بن بندر السدیری نے سعودی سفارتخانے میں غزہ کے لیے مقرر کردہ ماہانہ مالی امداد کی رقم فلسطینی وزیراعظم ڈاکٹر محمد مصطفیٰ کے حوالے کر دی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق قبل ازیں سعودی قیادت نے غزہ میں انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے ماہانہ مالی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
امداد کا مقصد غزہ میں انسانی صورتحال سے نمٹنے اور شہریوں پر جنگ کے باعث ہونے والی مشکلات کو کم کرنے کے لیے ہے۔
اس موقع پر فلسطینی وزیراعظم ڈاکٹر محمد مصطفیٰ نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب، فلسطینیوں کے جائز حقوق اور مسئلے کے منصفانہ حل کے لیے جو کوششیں کر رہا ہے وہ قابل قدر ہیں۔‘
واضح رہے کہ غزہ کے لیے ماہانہ مالی امداد کا فیصلہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی فلسطینی ریاست اور عوام کو ہر قسم کی مدد اور سپورٹ فراہم کرنے کے عزم کا نتیجہ ہے۔