سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جمعے کو یورپی یونین کے امور خارجہ اور سکیورٹی امور کے اعلی نمائندے اور یورپی کمیشن کی نائب صدر کاجا کالاس سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق رابطے کے دوران تازہ ترین علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال اور اس حوالے سے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یاد رہے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بدھ کو قطر میں فلسطین کے حوالے سے ایک اجلاس میں شرکت کی تھی جس میں عرب وزرائے خارجہ اور امریکی ایلچی برائے مشرق وسطی موجود تھے۔
اجلاس میں قاہرہ میں عرب سربراہ کانفرنس میں منظور کیے جانے والے غزہ کی تعمیر نو کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یاد رہے امریکی صدر ٹرمپ کے مجوزہ منصوبے کے جواب میں عرب ریاستوں نے غزہ کی تعمیر نو کے لیے 53 ارب ڈالر کے مصری منصبوبے کی توثیق کی جس سے فلسطینوں کو علاقے سے بے دخل ہونے سے بچایا جا سکے گا۔
دوحہ میں وزرائے خارجہ کے ایک اجلاس کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ بیان کے مطابق’ غزہ میں تعمیر نو کی کوششوں کی بنیاد کے طور پر امریکہ کے خصوصی ایلچی کے ساتھ اس منصوبے پر مشاورت اور کو آرڈینشن جاری رہے گی۔‘