جدہ میں فارمولا ون کی سرگرمیاں جاری، پہلا مرحلہ ختم
اتوار 20 اپریل 2025 12:07
’سعودی عرب میں مسلسل پانچویں سال کے لیے فارمولاون ورلڈ چیمپئن شپ منعقد ہو رہے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
جدہ کے کورنیش پر گرانڈ پری فارمولا ون کے کوالیفائنگ مقابلے کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں مسلسل پانچویں سال کے لیے منعقدہ فارمولاون ورلڈ چیمپئن شپ منعقد ہو رہے ہیں جن کی نگرانی وزارت کھیل کر رہی ہے۔
کوالیفائنگ ریس میں عالمی شہرت یافتہ ڈرائیورز کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا جس کے اختتام پر ریڈ بل ٹیم کے ڈچ ڈرائیور میکس ورسٹاپن نے ایک منٹ 27سیکنڈ کے وقت کے ساتھ سب سے تیز رفتار مکمل کر کے آج اتوار کو ہونے والی مین ریس میں پول پوزیشن حاصل کر لی۔

دیگر نتائج کے مطابق آسٹریلوی ڈرائیور آسکر پیاستری ’مک لارن ٹیم‘ نے میکس سے صرف 0.010 سیکنڈ کے فرق سے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ برطانوی ڈرائیور جارج رسل (مرسڈیز ٹیم) 0.113 سیکنڈ کے فرق سے تیسرے نمبر پر رہے۔
چوتھی پوزیشن موناکو سے تعلق رکھنے والے فراری ٹیم کے ڈرائیور شارل لیکلیر کو ملی جو لیڈر سے 0.376 سیکنڈ پیچھے تھے جب کہ اطالوی ڈرائیور کیمی انتونیلّی (مرسڈیز ٹیم) نے 0.572 سیکنڈ کے فرق سے پانچواں نمبر حاصل کیا۔

کل جدہ کورنیش سرکٹ میں تیسرا فری پریکٹس سیشن بھی منعقد ہوا جس میں لینڈو نوریس نے سب سے تیز وقت کے ساتھ برتری حاصل کی۔
ان کے بعد ان کے ٹیم ساتھی آسکر پیاستری دوسرے نمبر پر رہے جبکہ برطانوی ڈرائیور جارج رسل تیسرے اور عالمی چیمپئن میکس ورسٹاپن چوتھے نمبر پر آئے۔

پانچویں پوزیشن شارل لیکلیر کو ملی، ان کے بعد تھائی ڈرائیور الیگزینڈر البون (ویلیمز ٹیم) چھٹے، ہسپانوی کارلوس سائنز (ویلیمز ٹیم) ساتویں، فرانسیسی ڈرائیور پیئر گیسلی (آلبین ٹیم) آٹھویں، جبکہ جاپانی یوکی سونودا (ریڈ بل ٹیم) اور اطالوی آندریا کیمی انتونیلّی (مرسڈیز ٹیم) بالترتیب نویں اور دسویں پوزیشن پر رہے۔