سعودی عرب میونخ سکیورٹی کانفرنس کی میزبانی کرے گا
’اجلاس میں سلامتی اور سیاست کے میدان میں عالمی مکالمے کو اجاگر کیا جائے گا‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب رواں سال کے آخری سہ ماہی میں میونخ سیکیورٹی کانفرنس (MSC Leaders Meeting) کے قائدین کے اجلاس کی میزبانی کرے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق العلا میں منعقد ہونے والے اجلاس میں سلامتی اور سیاست کے میدان میں عالمی مکالمے کو اجاگر کیا جائے گا۔
اجلاس کی میزبانی کا اعلان امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں 5 سے 7 مئی کے درمیان منعقدہ قائدین کے میونخ اجلاس کے دوران کیا گیا۔
اجلاس میں سعودی عرب کی نمائندگی شہزادہ ڈاکٹر عبد الله بن خالد بن سعود الکبیر نے کی جو وزارت خارجہ کے پالیسی پلاننگ ڈپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل ہیں۔
اجلاس کے دوران شہزادہ عبد الله نے میونخ سیکیورٹی کانفرنس کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر بینڈکٹ فرانک سے ملاقات کی جنہوں نے اس اہم اجلاس کی میزبانی پر سعودی عرب کا شکریہ کا اظہار کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اجلاس کی تفصیلات اور مقاصد پر مشتمل ایک اعلامیہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
شہزادہ عبد الله نے بین الاقوامی امن و سلامتی کے فروغ اور کثیر الجہتی مکالمے کی تقویت میں سعودی عرب کے عزم کو ایک بار پھر دہرایا۔