Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ: پاکستان اور انڈیا میں پائیدار امن کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے

اجلاس میں علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت سعودی کابینہ کے اجلاس میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کیا گیا ۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق  وزیر مملکت اور رکن کابینہ و قائمقام وزیراطلاعات ڈاکٹرعصام سعید نے اجلاس کے حوالے سے بتایا ارکین نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کی کہ ’سعودی عرب بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے مابین پائیدار امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔‘
اس سے قبل سعودی وزارت خارجہ نے بیان میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان امریکی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ’ اس سے خطے میں سلامتی اور استحکام کی بحالی کی راہ ہموار ہوگی۔‘
وزارت خارجہ نے سعودی عرب کی جانب سے دانشمندی اور تحمل کا مظاہرہ کرنے پر دونوں ملکوں کی تعریف کی۔ تنازعات کو مذاکرات اور پرامن ذرائع سے حل کرنے کے لیے اپنی سپورٹ کا اعادہ کیا۔
بیان میں اچھی ہمسائیگی کے اصولوں کی پیروی پر زور دیا گیا جس سے دونوں ملکوں اور ان کے عوام کےلیے امن و خوشحالی کو فروغ ملے۔
یاد رہے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور انڈین وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک رابطہ کرکے کشیدگی میں کمی، تصادم کو روکنے اور جاری عسکری محاذ آرائی کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بات چیت کی تھی۔
 سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر ایک روزہ دورے پراسلام آباد پہنچے، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ اسحق ڈار سے ملاقات کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جنگ بندی کے لیے کردار ادا کرنے پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا تھا۔

 

شیئر: