Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین حملوں میں 11 فوجی جوان اور 40 شہری جان سے گئے، آئی ایس پی آر

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق انڈین حملوں میں 11 فوجی اہلکار اور 40 شہری جان سے گئے۔
منگل کو آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ چھ اور سات مئی کی درمیانی شب انڈین افواج نے بلااشتعال اور قابل مذمت حملے کیے جن میں خواتین، بچوں اور عمر رسیدہ افراد سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔
بیان کے مطابق ’حملوں کے نتیجے میں سات خواتین اور 15 بچوں سمیت 40 شہری شہید ہوئے۔ 10 خواتین اور 27 بچوں سمیت 121 افراد زخمی ہوئے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’مادر وطن کے دفاع میں پاکستان فوج کے 11 اہلکار شہید اور 78 زخمی ہوگئے۔ پاکستانی آرمی کے چھ اہلکار اور پاکستان ایئرفورس کے پانچ اہلکار شہید ہوئے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستانی افواج نے معرکہ حق کے تحت آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کیا اور انڈین جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا۔
بیان کے مطابق پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی خطرے کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

شیئر: