Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیلجیئم کا نوجوان فریضہ حج کے لیے سائیکل پر سعودی عرب پہنچ گیا

یورپی اور عرب ممالک سے گزرتے ہوئے مملکت پہنچنے میں تین ماہ لگے( فوٹو: سبق)
 بیلجیئم سے ایک نوجوان فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے ہزاروں کلومیٹرکی مسافت اور تین ماہ کا طویل سفر کرتے ہوئے سائیکل پر سعودی عرب پہنچ گیا۔
سبق کے مطابق 26 سالہ’انس الرزقی‘ نے بتایا’ کہ تین ماہ قبل سائیکل پرسفرِ حج کا آغاز کیا۔ 9 یورپی اور عرب ممالک سے گزرتے ہوئے سعودی عرب اور اردن کی سرحدی چوکی حالۃ عمار اور پھرمکہ پہنچا۔‘
اپنے سفر کے بارے میں انس الرزقی کا کہنا تھا کہ بیلجیئم س سفر شروع کیا جرمنی، اسٹریا، اٹلی، بوسنیا و دیگر ممالک سے ہوتے ہوئے ترکیہ پہنچا۔ اردن سے سعودی عرب کی سرحد میں داخل ہونے پر میری جو کیفیت تھی وہ لفظوں میں بیان نہیں کی جا سکتی۔
انس الرزقی کا کہنا تھا کہ ’سفر میں بے شمار چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا جن میں بدلتے موسم سے زیادہ تھکا دینے والا تنہائی کا احساس تھا، تاہم ارض حرمین حاضری کی سوچ سے میری ہمت اورجذبات کو تقویت ملتی رہی۔‘
’راستے میں جو بھی ملتا ان کی جانب سے ہونے والی حوصلہ افزائی بھی میرے حوصلوں کو بلند رکھنے میں کافی معاون ثابت ہوئی۔‘
 نوجوان جب مملکت کی سرحد میں داخل ہوا تو شاندار استقبال کیا گیا جن میں اثرا ضیافتی ہولڈنگ کمپنی کے ذیلی ادارے’اثراء الخیر‘ کے ذمہ دار شامل تھے۔

سعودی سرحد میں داخل ہونے پر جو کیفیت تھی وہ لفظوں میں بیان نہیں کی جاسکتی (فوٹو: سبق)

 اثرا کمپنی کے سی ای او ڈاکٹر احمد عباس سندی نے سائیکلسٹ کو مملکت میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ’انس کا سفر ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ حج کی ادائیگی کے لیے جغرافیائی یا ثقافتی حدود مانع نہیں ، ہم ضیوف الرحمان کے استقبال کے لیے ہمہ وقت مستعد ہیں۔‘
اثرا الخیر کمپنی میں حج پروگرام کے آپریشنل ڈائریکٹر حسن سروجی کا کہنا تھا کہ ’انس نے یہ مسافت محض سائیکل پر ہی طے نہیں کی بلکہ اس کا یہ سفرمغرب میں نوجوانوں سے رابطے کا بھی اہم ذریعہ ثابت ہوگا اور ہم اس تجربے سے مستفیض ہوں گے۔‘

 

شیئر: