مسجد الحرام میں گمشدہ حجاج کے لیے 6 زبانوں میں رہنمائی کی سہولت
گمشدہ حجاج کے کارڈ کو اسکین کرکے انکا ایڈریس معلوم کیا جاسکتا ہے (فوٹو، ایس پی اے)
ادارہ امور حرمین شریفین نے مسجد الحرام میں گمشدہ حجاج کی آسانی کے لیے 6 عالمی زبانوں میں رہنما مراکز کی سہولت فراہم کی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مسجد الحرام کی انتظامیہ کی جانب سے حج کے بعد مکہ مکرمہ میں آنے والے لاکھوں حجاج کو مختلف نوعیت کی خدمات فراہم کی جارہی ہیں جن میں گمشدہ حجاج کو رہنمائی کی خدمت بھی شامل ہے۔
امسال رہنمائی مراکز میں عربی ، انگلش سمیت متعدد زبانوں کے ماہرین کی خدمات بھی مہیا کی گئی ہیں تاکہ مسجد الحرام میں موجود حجاج کی رہنمائی انکی زبان میں کی جاسکے۔
حرمین اتھارٹی کا مزید کہنا ہے کہ گمشدہ مرکز کے اہلکار مسجد الحرام کے داخلی اور خارجی دروازوں کے علاوہ بیرونی صحنوں اور مختلف مقامات پر موجود ہوتے ہیں جو گمشدہ حجاج کی ہر طرح رہنمائی کرتے ہیں ۔
گمشدہ مرکز کے اہلکاروں کے پاس موجود جدید ترین ڈیوائسز ہیں جن کے ذریعے وہ حجاج کے نسک کارڈ میں موجود کیو آر کوڈ یا بار کوڈ اسکین کرکے انکی رہائش کا مقام معلوم کرلیتے ہیں جس کے بعد انہیں وہاں باسانی پہنچا دیا جاتا ہے۔