Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض ایکسپو 2030 کی رجسٹریشن فائل کی حتمی منظوری، پرچم سعودی عرب کے حوالے

نمائش میں 195 ممالک سے 40 ملین افراد کی شرکت متوقع ہے (فوٹو: ایس پی اے)
 پیرس میں انٹرنیشنل بیورو آف ایگزبیشنز کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں ریاض ایکسپو 2030 کی رجسٹریشن فائل کی حتمی منظوری دی گئی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق نمائش کے انعقاد کے لیے میزبان ملک کی رجسٹریشن کا آخری مرحلہ بخوبی مکمل ہو گیا۔
اجلاس کے دوران ایکسپو 2030 کا علامتی پرچم سعودی وفد کے حوالے کردیا گیا۔
پیرس اجلاس میں سعودی وفد کی سربراہی وزیر مملکت، کابینہ کے رکن انجینئر ابراہیم محمد السلطان کررہے تھے۔ فرانس میں متعین سعودی سفیرفہد الرویلی کے علاوہ دیگر اعلی عہدیداران اس موقع پر موجود تھے۔
ایکسپو فائل کی حتمی منظوری کا مرحلہ مکمل ہونے پر سعودی وفد کے سربراہ انجینئرابراہیم السلطان کا کہنا تھا’ایکسپو فائل کی منظوری اس بات کی علامت ہے کہ  تیاری اور اس حوالے سے تمام جزئیات کی تکمیل انتہائی مہارت سے کی گئی جوسب کے لیے باعث مسرت امر ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا ’ مملکت کی جانب سے ایکسپو کےلیے جو تیاریاں کی جارہی ہیں وہ اس بات کی دلیل ہیں کہ یہ ایکسپو کی تاریخ میں ایک منفرد اور مثالی نمائش ہوگی جو مملکت کے وژن 2030 سے مطابقت رکھتی ہے۔‘
سعودی دارالحکومت ریاض ایکسپو کی تاریخ کے حوالے سے پہلا ملک ہے جس کی رجسٹریشن فائل مقرر وقت سے بھی کم مدت میں مکمل کرکے جمع کرائی گئی۔
واضح رہے ایکسپو2030 ریاض میں یکم اکتوبر 2030 سے شروع ہوگئی جو 31 مارچ 2031 تک جاری رہے گی۔
نمائش کے لیے 60 لاکھ مربع میٹرکا رقبہ مخصوص کیا گیا ہے۔ یہ ایکسپو کی تاریخ میں سب سے بڑی نمائش ہو گی۔
نمائش میں 195 ممالک سے 40 ملین سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے جن کے خیرمقدم اور رہائش کےلیے تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں۔

 

شیئر: